Live Updates

مسلم لیگ (ن) کو قومی اسمبلی کی ایک اور پنجاب اسمبلی کی مزید 6 نشستیں مل گئیں

بھکر سے آزاد ایم این اے رشید اکبرنوانی، بھکر سے ایم پی اے احمد نواز نوانی، ایم پی اے عامر عنایت شاہانی، مظفر گڑھ سے رانا عبدالمنان (ن) لیگ میں شامل ہوگئے، ن لیگ کی اعلیٰ قیادت کا خیرمقدم

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 16 فروری 2024 19:37

مسلم لیگ (ن) کو قومی اسمبلی کی ایک اور پنجاب اسمبلی کی مزید 6 نشستیں مل ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 16 فروری 2024ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کو قومی اسمبلی کی ایک اور پنجاب اسمبلی کی مزید 6 نشستیں مل گئیں، بھکر، مظفر گڑھ اور خانیوال سے ارکان اسمبلی نے شمولیت اختیار کی۔ اعلامیہ پی ایم ایل این کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئیر نائب صدر اور نامزد وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف سے آزاد ارکان اسمبلی نے ملاقات کی۔

جس میں انتخابی اور سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی، اس موقع پر قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 92 بھکر سے آزاد حیثیت میں انتخاب جیتنے والے رشید اکبر نوانی مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو گئے، پی پی 90 بھکر سے احمد نواز نوانی، پی پی 92 اور 93 بھکر سے کامیاب عامر عنایت شاہانی اور پی پی 272 مظفر گڑھ سے جیتنے والے رانا عبدالمنان ، پی پی 205 خانیوال سے اکبر حیات ہراج اور پی پی 212 خانیوال سے اصغر حیات ہراج نے بھی مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

پاکستان مسلم لیگ ن میں شامل ہونے والے تمام ارکان اسمبلی نے قائد محمد نواز شریف پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ مریم نوازشریف نے آزاد ارکان کا مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا خیرمقدم کیا اور اس فیصلے پر مبارکباد دی۔ آزاد ارکان اسمبلی نے کہا کہ پارٹی قائد محمد نواز شریف، شہباز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پاکستان، عوام اور پنجاب کے لئے خدمات تاریخی ہیں، پاکستان کو مسائل سے نکالنے کی صلاحیت اور قابل عمل ایجنڈا صرف مسلم لیگ (ن) کے پاس ہے۔

اپنے حلقے کے عوام اور سپورٹرز کی مشاورت سے مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کی نامزد امیدوار مریم نواز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے تعمیر پاکستان کے قافلے میں شمولیت اختیار کی، آپ کی حمایت پاکستان اور عوام کو مشکلات سے نکالنے میں بڑی مددگار ہوگی، ہمارے لئے اقتدار نہیں، ملک اور عوام کی خدمت اہم ہے، نوازشریف پاکستان کو انتشار سے بچانے اور متحد کرنے والی قوت کا نام ہے، نوازشریف آج بھی پاکستان جبکہ مخالفین اپنی ذات کی بات کر رہے ہیں، پاکستان کو انتشار نہیں، استحکام چاہیے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ انتشار پھیلانے والے آج بھی انتشار ہی پھیلا رہے ہیں کیونکہ ان کا ایجنڈا ہی انتشار ہے، انتشار کا نشانہ پاکستان ہے، ادارے ہیں، پنجاب کے عوام نے ہمیں مینڈیٹ دیا، ان کی خدمت کا حق ادا کریں گے، ان شاءاللہ، پنجاب کو ترقی کی مثال بنائیں گے،پاکستان کو بچانے کے لئے ایک لاکھ بار بھی سیاسی مفاد قربان کرنا پڑا تو کریں گے، وطن پر جان بھی قربان ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات