Live Updates

انتشار پھیلانے والے آج بھی انتشار پھیلا رہے ہیں ان کا نشانہ پاکستان اور ادارے ہیں

نوازشریف پاکستان کو انتشار سے بچانے والی قوت کا نام ہے، پاکستان کو بچانے کیلئے ایک لاکھ بار بھی سیاسی مفاد قربان کرنا پڑا تو کریں گے۔ نامزد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 16 فروری 2024 19:45

انتشار پھیلانے والے آج بھی انتشار پھیلا رہے ہیں ان کا نشانہ پاکستان ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 16 فروری 2024ء) پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب کی نامزد امیدوار مریم نوازشریف نے کہا ہے کہ انتشار پھیلانے والے آج بھی انتشار ہی پھیلا رہے ہیں ان کا نشانہ پاکستان اور ادارے ہیں، نوازشریف پاکستان کو انتشار سے بچانے اور متحد کرنے والی قوت کا نام ہے، پاکستان کو بچانے کیلئے ایک لاکھ بار بھی سیاسی مفاد قربان کرنا پڑا تو کریں گے۔

اعلامیہ پی ایم ایل این کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کو قومی اسمبلی کی ایک اور پنجاب اسمبلی کی مزید 6 نشستیں مل گئیں، بھکر، مظفر گڑھ اور خانیوال سے ارکان اسمبلی نے شمولیت اختیار کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی نامزد امیدوار مریم نواز شریف نے پارٹی میں شامل ہونے والے آزاد ارکان اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے تعمیر پاکستان کے قافلے میں شمولیت اختیار کی، آپ کی حمایت پاکستان اور عوام کو مشکلات سے نکالنے میں بڑی مددگار ہوگی، ہمارے لئے اقتدار نہیں، ملک اور عوام کی خدمت اہم ہے، نوازشریف پاکستان کو انتشار سے بچانے اور متحد کرنے والی قوت کا نام ہے، نوازشریف آج بھی پاکستان جبکہ مخالفین اپنی ذات کی بات کر رہے ہیں، پاکستان کو انتشار نہیں، استحکام چاہیے۔

(جاری ہے)

مریم نواز شریف نے کہا کہ انتشار پھیلانے والے آج بھی انتشار ہی پھیلا رہے ہیں کیونکہ ان کا ایجنڈا ہی انتشار ہے، انتشار کا نشانہ پاکستان ہے، ادارے ہیں، پنجاب کے عوام نے ہمیں مینڈیٹ دیا، ان کی خدمت کا حق ادا کریں گے، ان شاءاللہ، پنجاب کو ترقی کی مثال بنائیں گے،پاکستان کو بچانے کے لئے ایک لاکھ بار بھی سیاسی مفاد قربان کرنا پڑا تو کریں گے، وطن پر جان بھی قربان ہے۔

اعلامیہ پی ایم ایل این کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئیر نائب صدر اور نامزد وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف سے آزاد ارکان اسمبلی نے ملاقات کی۔ جس میں انتخابی اور سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی، اس موقع پر قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 92 بھکر سے آزاد حیثیت میں انتخاب جیتنے والے رشید اکبر نوانی مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو گئے، پی پی 90 بھکر سے احمد نواز نوانی، پی پی 92 اور 93 بھکر سے کامیاب عامر عنایت شاہانی اور پی پی 272 مظفر گڑھ سے جیتنے والے رانا عبدالمنان ، پی پی 205 خانیوال سے اکبر حیات ہراج اور پی پی 212 خانیوال سے اصغر حیات ہراج نے بھی مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔

پاکستان مسلم لیگ ن میں شامل ہونے والے تمام ارکان اسمبلی نے قائد محمد نواز شریف پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ مریم نوازشریف نے آزاد ارکان کا مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا خیرمقدم کیا اور اس فیصلے پر مبارکباد دی۔ آزاد ارکان اسمبلی نے کہا کہ پارٹی قائد محمد نواز شریف، شہباز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پاکستان، عوام اور پنجاب کے لئے خدمات تاریخی ہیں، پاکستان کو مسائل سے نکالنے کی صلاحیت اور قابل عمل ایجنڈا صرف مسلم لیگ (ن) کے پاس ہے۔ اپنے حلقے کے عوام اور سپورٹرز کی مشاورت سے مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا۔ 
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات