انتخابات میں دھاندلی کروانے پر کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ عہدے سے مستعفی

میں ڈیوٹی ٹھیک سے نہیں کر سکا، قومی اسمبلی کے 13 کے حلقوں کے نتائج تبدیل کیے گئے، ہارے ہوئے امیدواروں کو جتوایا گیا

ہفتہ 17 فروری 2024 15:54

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2024ء) کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چھٹہ انتخابی بے ضابطگیوں پر مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے خود کو پولیس کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ میں نے راولپنڈی ڈویژن میں ناانصافی کی ہے، میں نے جو ظلم کیا اس کی سزا مجھے ملی چاہیے، باقی جو بھی اس میں ملوث ہیں انہیں بھی سزا ملی چاہیے۔

کمشنر راولپنڈی ڈویژن نے کہا کہ ہم نے اس ملک کے ساتھ غلط کام کیا، جو کام میں نے کیا وہ کسی طرح مجھے زیب نہیں دیتا، میں اپنے عہدے اور سروس سے استعفیٰ دیتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ مجھ پر سوشل میڈیا اور اوورسیز پاکستانیوں کا دباؤ تھا، میں نے صبح کی نماز کے بعد خودکشی کی کوشش کی، میں نے سوچا کیوں نا یہ چیزیں عوام کے سامنے رکھوں، میں حرام موت کیوں مروں، میں کرب سے گزر رہا ہوں، سیاسی لوگ شیروانی سلوا کر منسٹر بننے کے لیے گھوم رہے ہیں، ملک سے غداری اور بے ضمیری نہیں کرنی چاہیے۔

(جاری ہے)

لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ میں اپنے کرب کا بوجھ اتار رہا ہوں، سکون کی موت چاہتا ہوں، راولپنڈی ڈویژن کے 13 ایم این ایز ہارے ہوئے تھے، انہیں 70، 70 ہزار کی لیڈ دلوائی، ملک کے ساتھ کھلواڑ کیا ہے، میرے ساتھ چیف الیکشن کمشنر کو سزائے موت دی جائے۔انہوں نے کہا کہ میں راولپنڈی ڈویژن میں انتخابی دھاندلی کی ذمے داری قبول کرتا ہوں، میں انتخابی دھاندلی پر اپنے آپ کو پولیس کے حوالے کرتا ہوں۔

کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ ہم نے ہارے ہوئے امیدواروں کو پچاس، پچاس ہزار کی لیڈ میں تبدیل کر دیا ہے، ملک کی پیٹھ میں جو چھرا گھونپا وہ مجھے سونے نہیں دیتا۔لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ ہارے ہوئے لوگوں کو ہم نے جتوایا ہے، لوگوں کی ستر ستر ہزار کی لیڈ سے جیت کو شکست میں بدلا، آج بھی ہمارے لوگ بیٹھ کر جعلی مہریں لگا رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ اپنے ڈویژن کے ریٹرننگ افسران سے معذرت خواں ہوں، میرے ماتحت رو رہے تھے میں انہیں کیا کہہ رہا ہوں، میں نے اپنے ڈویڑن میں غلط کام کیا، مجھے راولپنڈی کے کچہری چوک میں سزائے موت دی جائے، غلط کام کون کر رہا ہے اور کس نے کرایا کوئی چیز چھپی ہوئی نہیں۔

دریں اثناء سی پی او راولپنڈی نے کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کو گرفتار کرلیا۔کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کو گرفتاری کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔یاد رہے کہ 8 فروری کو ہونے والے انتخابات میں راولپنڈی سے قومی اسمبلی کی سیٹ این اے 51 راولپنڈی/مری سے ن لیگ کے راجہ اسامہ سرور کامیاب ہوئے ہیں۔این اے 52 راولپنڈی/ گوجر خان سے پیپلز پارٹی کے راجہ پرویز اشرف کامیاب ہوئے ہیں جبکہ این اے 53 راولپنڈی سے ن لیگ کے راجہ قمر الاسلام کامیاب ہوئے ہیں۔

این اے 54 راولپنڈی سے آزاد امیدوار عقیل ملک کامیاب ہوئے ہیں۔8 فروری کو ہونے والے انتخابات میں راولپنڈی سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 55 سے ن لیگ کے امیدوار ملک ابرار کامیاب ہوئے ہیں۔راولپنڈی کے حلقہ این اے 56 سے ن لیگ کے امیدوار حنیف عباسی اور این اے 57 سے ن لیگ کے دانیال چوہدری کامیاب ہوئے ہیں۔