پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا اسرائیل اور بھارت سے چلایا جارہا ہے ،عائشہ گلالئی

قبروں پر سجدے کرنے والے کو پختون اپنا لیڈر نہیں مان سکتے ، اسرائیلی لابی کو سمجھنے کیلئے دی سپائی انگریزی فلم دیکھی جائے، رہنماء (ق) لیگ

ہفتہ 17 فروری 2024 20:15

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2024ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) کی ایڈیشنل سیکرٹری عائشہ گلالئی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں انتخابات کے نتائج اور پی ٹی آئی کی جیت پر بھنگڑے ڈالے جارہے ہیں ، یہ پی ٹی آئی کی نہیں یہودی لابی کی جیت ہے،یہ مظلوم فلسطینیوں کی لاشوں پر منانے والے جشن ہیں۔پشاور پریس کلب میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے عائشہ گلالئی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا اسرائیل اور بھارت سے چلایا جارہا ہے، قبروں پر سجدے کرنے والے کو پختون اپنا لیڈر نہیں مان سکتے ۔

(جاری ہے)

اسرائیلی لابی کو سمجھنے کے لئے دی سپائی انگریزی فلم دیکھی جائے ۔عائشہ گلالئی کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کی قرارداد پی ٹی آئی حکومت میں پیش کی گئی ۔بانی پی ٹی آئی کے بچے یہودی لابی کے پاس اور عمران کی مہم چلانے والا میڈیا یہودیوں کے ہاتھ میں ہے ۔یہودی لابی پاکستان کی ایٹمی قوت کے درپے ہے جس کے بعد سعودی عرب کی باری ہوگی ۔ پی ٹی آئی کارکنوں کے ذہنوں کو اسرائیلی لابی نے انتشار کے لئے تیار اور استعمال کیا ۔ اس ذہنیت کو جنون قرار دیا جاتا ہے ۔ پی ٹی آئی نے قرضوں میں ریکارڈ اضافہ کیا لیکن کوئی ترقی نہیں ہوئی ۔پی ٹی آئی نے کشمیر پر بھارت کا قبضہ کروایا اور قبائلی علاقوں کے فنڈز کھا گئے۔