پی ایس ایل 9، کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی

بابر اعظم کی نصف سنچری رائیگاں، پولارڈ کی دھواں دھار بیٹنگ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 21 فروری 2024 17:36

پی ایس ایل 9، کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 21 فروری 2024ء ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی ہے۔ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ زلمی کی ٹیم شروع سے ہی مشکلات کا شکار دکھائی دی، پشاور زلمی نے صفر رنز پر صائم ایوب کی وکٹ گنوائی جنہیں شعیب ملک نے آؤٹ کیا، بعدازاں محمد حارث 6 رنز بناکر میر حمزہ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

پشاور زلمی کی جانب سے کپتان بابر اعظم 72 رنز بناکر نمایاں رہے، اس کے علاوہ ٹام کوہلر کیڈمور 2، رومن پاؤل 39، آصف علی 23، عامر جمال ایک، لوک ووڈ 8 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ محمد ذیشان، سلمان ارشاد اور وقار سلام کوئی رن نہ بناسکے۔

(جاری ہے)

کراچی کنگز کی جانب سے میر حمزہ اور حسن علی نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔ کراچی کنگز نے ہدف کا تعاقب پراعتماد انداز میں کیا، لیکن کپتان شان مسعود 12 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے۔

محمد اخلاق نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 24 رنز بنائے۔ شعیب ملک نے ذمہ دارانہ 29 رنز کی اننگز کھیلی، تاہم جیمز وینس کے 30 گیندوں پر 38 اور کیرون پولارڈ کے 21 گیندوں پر 49 رنز کی بدولت کراچی کنگز نے ہدف 16 اعشاریہ 5 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ ٹاس جیتنے کے بعد کپتان شان مسعود نے کہا کہ میچ میں کامیابی سمیٹ کر پہلی فتح کے منتظر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے سعد بیگ کی جگہ عرفان خان نیاری کو پلئینگ الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔ اس موقع پر پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف ہدف کے قریب تھے لیکن میچ کو جیتنے میں ناکام رہے۔ کراچی کنگز کا اسکواڈ کپتان شان مسعود، محمد اخلاق، جیمز ونس، شعیب ملک، کیرون پولارڈ، محمد نواز، عرفان خان نیازی، ڈینیئل سمس، حسن علی، میر حمزہ، تبریز شمسی پر مشتمل ہے جب کہ پشاور زلمی کا اسکواڈ کپتان بابراعظم، صائم ایوب، محمد حارث، ٹام کوہلر کیڈمور، روومین پاول، آصف علی، عامر جمال، لیوک ووڈ، محمد ذیشان، وقار سلام خیل، سلمان ارشاد پر مشتمل ہے۔