مراد علی شاہ کا انجینئر سے وزارت اعلیٰ تک کا سفر

مراد علی شاہ تیسری مرتبہ وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالیں گے ،وہ سندھ کی تاریخ کے پہلے وزیرِ اعلی ہیں جن کے والد بھی اسی منصب پر فائز رہ چکے ہیں،رپورٹ

ہفتہ 24 فروری 2024 15:34

مراد علی شاہ کا انجینئر سے وزارت اعلیٰ تک کا سفر
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 فروری2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے مسلسل تیسری بار مراد علی شاہ کو وزیر اعلی سندھ نامزد کیا گیا ہے، وہ سندھ کی تاریخ کے پہلے وزیرِ اعلی ہیں جن کے والد بھی اسی منصب پر فائز رہ چکے ہیں۔مراد علی شاہ 11 اگست 1962 کو کراچی میں پیدا ہوئے اور ابتدائی تعلیم اسی شہر سے حاصل کی، انہوں نے 1985 میں یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی(این ای ڈی)کراچی سے سول انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کی اور مزید تعلیم حاصل کرنے کے لیے بیرون ملک چلے گئے۔

نامزد وزیر اعلی سندھ نے 1987 میں امریکا کی اسٹینفورڈ یونیورسٹی سے سول، اسٹرکچرل انجینئرنگ میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی اور 1993 میں انجینئرنگ اکنامکس سسٹم میں ایک اور ماسٹر کیا۔مراد علی شاہ کو سیاست وراثت میں ملی تھی کیوں کہ ان کے والد سید عبداللہ شاہ بینظیر بھٹو کے دوسرے دور حکومت میں وزیر اعلی رہے تھے۔

(جاری ہے)

1996 میں مراد علی شاہ کے والد پر کیسز دائر ہوئے تو وہ خود ساختہ جلاوطنی پر بیرون ملک چلے گئے، اس کے بعد مراد علی شاہ نے سیاست کا آغاز کیا لیکن باضابطہ طور پر انہوں نے سیاست کا آغاز 2002 میں کیا تھا۔

2002 میں انہوں نے اس نشست سے الیکشن لڑا جہاں سے ان کے والد 1970 سے 1993 تک کامیاب ہوتے ہوئے آئے اور وہ رکن اسمبلی سندھ بنے، 2002 میں مراد علی شاہ کو سندھ اسمبلی میں پی پی پی پارلیمانی پارٹی کا ڈپٹی لیڈر بنایا گیا۔انہوں نے 2008، 2013، 2018 اور 2024 کے عام انتخابات میں صوبائی اسمبلی کی نشست پر کامیابی حاصل کی، وہ 2008 سے 2016 تک صوبائی وزیر رہے۔ سید قائم علی شاہ پر رینجرز کو صوبے میں اختیارات نہ دینے اور تھر میں بچوں کی اموات سمیت مختلف واقعات پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا تو پی پی کی قیادت نے ان کو وزیرِ اعلی کے عہدے سے ہٹا کر جولائی 2016 میں مراد علی شاہ کو وزیرِ اعلی سندھ بنایا تھا۔

عام انتخابات 2018 کے انتخابات کے بعد وہ دوسری بار سندھ کے وزیرِ اعلی منتخب ہوئے تھے اور اب 2024 کے انتخابات کے بعد انہیں تیسری بار وزیرِ اعلی سندھ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔