Live Updates

۔فیصل آباد،حامل رانا آفتاب احمد خاں ایڈووکیٹ کی بطور وزیر اعلیٰ پنجاب نامزدگی سے پاکستان کے مانچسٹر کو ایک اور اعزاز حاصل

اتوار 25 فروری 2024 17:15

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 فروری2024ء) چوتھی مرتبہ رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہونے والے سرزمین فیصل آباد کے عظیم سپوت‘ منفرد سیاسی شخصیت کے حامل رانا آفتاب احمد خاں ایڈووکیٹ کی بطور وزیر اعلیٰ پنجاب نامزدگی سے پاکستان کے مانچسٹر کو ایک اور اعزاز حاصل‘سرزمین فیصل آ باد سے پہلی مرتبہ کسی بھی رکن اسمبلی کو وزیر اعلیٰ پنجاب کے منصب کے لئے نامزد کیا گیا ہے۔

جس پر سیاسی اکابرین ‘سول سوسائٹی‘ صحافیوں‘ وکلاء ‘ صنعتی و تاجر تنظیموں سمیت تمام مکاتب کے لوگوں نے دلی مسرت کااظہار کیا ہے۔آن لا ئن کے مطابق ماضی کے ممتاز قانون دان رانا ارشاد احمد خاں ایڈووکیٹ کے فرزند ارجمند رانا آفتاب احمد خاں ایڈووکیٹ نے سیاسی میدان میں قدم رکھتے ہی اپنی خداداد صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا۔

(جاری ہے)

1988ء میں حلقہ پی پی 52سے رانا آفتاب احمد خاں ایڈووکیٹ نے پاکستان پیپلز پارٹی کی ٹکٹ پر الیکشن لڑا اور وہ رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے۔

جس کے بعد اس وقت کے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں نواز شریف کی حکومت کو موصوف ٹف ٹائم دیتے رہے۔ اس کے بعد 1993ء میں رانا آفتاب احمد خاں ایڈووکیٹ نے حلقہ پی پی 63سے الیکشن لڑا اور وہ ریکارڈ ووٹوں کے ساتھ دوسری مرتبہ رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے‘ پنجاب میں پیپلز پارٹی کی حکومت بنی اور میاں منظور وٹو وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب ہوئے۔ اس دور میں رانا آفتاب احمد خاں ایڈووکیٹ کو صوبائی وزیر بنایا گیا۔

2002ء کے عام انتخابات میں رانا آفتاب احمد خاں نے ایک مرتبہ پھر پی پی 63سے پاکستان پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم سے ہی الیکشن لڑا اور وہ تیسری مرتبہ رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوگئے۔ اس وقت پنجاب میں مسلم لیگ ق کی حکومت بنی اور چوہدری پرویز الٰہی وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب ہوئے۔ جن کے دور حکومت میں رانا آفتاب احمد خاں ایڈووکیٹ نے بطور اپوزیشن لیڈر اپنا کردار ادا کیا۔

اس وقت پنجاب اسمبلی کے ایوان میں ان کی زوردار ‘جاندار اور گرجدار آواز گونجتی رہی۔اب 2024ء کے عام انتخابات میں رانا آفتاب احمد خاں ایڈووکیٹ نے حلقہ پی پی 108سے پاکستان تحریک انصاف کی حمایت کے ساتھ آزاد حیثیت سے الیکشن لڑا اور وہ مسلم لیگ ن کے میاں اجمل آصف کو شکست دیکر چوتھی مرتبہ رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہو گئے۔ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان نے سنی اتحاد کونسل کے پلیٹ فارم سے میاں اسلم اقبال کو وزیر اعلیٰ پنجاب کا امیدوار نامزد کیا‘ تاہم ان کی گرفتاری کے ڈر سے سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا ایم این اے نے عمران خان کی مشاورت کے ساتھ میاں اسلم اقبال کی جگہ پر حلقہ پی پی 108فیصل آباد سے منتخب ہونے والے رکن صوبائی اسمبلی رانا آفتاب احمد خاں ایڈووکیٹ کو وزیر اعلیٰ پنجاب کا امیدوار نامزد کر دیا۔

اس طرح فیصل آ باد کو ایک اور اعزاز حاصل ہو گیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات