Live Updates

سرفراز بگٹی بلا مقابلہ وزیراعلیٰ بلوچستان منتخب،کل عہدے کا حلف اٹھائیں گے

نو منتخب رکن بلوچستان اسمبلی کے مقابلے میں کسی نے کاغذات جمع نہیں کروائے،خواہش ہے کہ ہتھیار اٹھانے والے مین سٹریم کا حصہ بنیں،سرفراز بگٹی کی میڈیا سے گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 1 مارچ 2024 17:47

سرفراز بگٹی بلا مقابلہ وزیراعلیٰ بلوچستان منتخب،کل عہدے کا حلف اٹھائیں ..

کوئٹہ(ا±ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔01 مارچ2024 ئ) بلوچستان اسمبلی کے سپیکرعبدالخالق اچکزئی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے نامزد وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی بلا مقابلہ وزیراعلیٰ بلوچستان منتخب ہوگئے،سرفراز بگٹی کل وزیراعلیٰ بلوچستان کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔نو منتخب رکن بلوچستان اسمبلی سرفراز بگٹی کے مقابلے میں کسی بھی امیدوار نے کاغذات جمع نہیں کروائے۔

بلوچستان کی وزارت اعلیٰ کیلئے سرفراز بگٹی واحد امیدوار ہیں۔اس حوالے سے سیکرٹری بلوچستان اسمبلی کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کے عہدے کیلئے کاغذات جمع کروانے کا وقت ختم ہوگیاہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان منتخب ہونے کیلئے 65میں33اراکین کی حمایت درکار ہوتی ہے۔بلوچستان اسمبلی میں پاکستان پیپلزپارٹی ،مسلم لیگ ن ،بلوچستان عوامی پارٹی کے اتحاد کو سادہ اکثریت حاصل ہے۔

(جاری ہے)

بلوچستان اسمبلی میں کاغذات کی سکروٹنی مکمل ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ خواہش ہے کہ ہتھیار اٹھانے والے مین سٹریم کا حصہ بنیں، ، پیپلز پارٹی بات چیت پر یقین رکھتی ہے، بلوچستان میں گورننس بہتر اتحادیوں اور اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلیں گے، ڈھالہ سالہ فارمولے کا مرکزی قیادت ہی بہتر بتا سکتی ہے۔ میر سرفراز بگٹی کا کہناتھا کہ کرپشن کا خاتمہ اور امن و امان کا قیام سب سے بڑا چیلنج ہوگا، دوستوں اور اتحادیوں کو اعتماد میں لیکر کام کریں گے، تمام اتحادیوں اور پارٹی قیادت کا اعتماد کرنے پر شکر گزار ہوں۔

پاکستان پیپلزپارٹی نے آج سرفرازبگٹی کووزیراعلیٰ بلوچستان کیلئے نامزد کیا تھا۔سابق صدرمملکت آصف زرداری نے وزیراعلیٰ بلوچستان کیلئے سرفرازبگٹی کے نام کی منظوری دی تھی۔سرفراز بگٹی نے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہونے کے بعد حال ہی میں سینیٹ رکنیت سے استعفیٰ دیدیا تھا، پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن بلوچستان اسمبلی میر سرفراز بگٹی نے گزشتہ روز رکن اسمبلی کا حلف اٹھایا تھا۔قبل ازیں مسلم لیگ ن کے عبدالخالق اچکزئی بلامقابلہ سپیکربلوچستان اسمبلی منتخب ہوئے جبکہ پیپلزپارٹی کی غزالہ گولہ کو بھی بلامقابلہ ڈپٹی سپیکر منتخب کرلیا گیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کا انتخاب کل ہوگا جس کیلئے کاغذات نامزدگی کروانے کا ٹائم آج شام 5 بجے تک تھا۔
Live بلوچستان سے متعلق تازہ ترین معلومات