قومی اسمبلی اجلاس کے پہلے روز بعد ہی ایم کیو ایم پاکستان نے ملک کی پچیس کروڑ عوام کا مقدمہ جیت لیا

مسلم لیگ ن کا اقتدار و وسائل عوام کی دہلیز تک منتقل کرنے پر اصولی اتفاق، معاہدے سے اٹھارہویں ترمیم کا اسکی روح کے مطابق نفاذ یقینی ہوجائیگا،مسلم لیگ ن کی عوام کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے فارمولا پیش کرنے پرایم کیوایم پاکستان کو مبارکباد پیش

جمعہ 1 مارچ 2024 21:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2024ء) اسلام آباد میں ایم کیو ایم پاکستان اور مسلم لیگ ن نے ایک یاداشت پر دستخط کئے جس کے تحت دونوں جماعتوں نے اقتدار کو عوام تک منتقل کرنے اور عوام کو بااختیار بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما احسن اقبال نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معاہدے کا مقصد عوام کے مسائل انکی دہلیز پر حل کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے ساتھ ملکر ہم اس مقصد کیلئے جدو جہد کریں گے اور اس ڈرافٹ پر قومی سطح پر اتفاق رائے بنانے کی بھر پور کوشش کریں گے۔

مسلم لیگ ن کی قیادت میں احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق، رانا ثنا اللہ سمیت دیگر رہنما موجود تھے، جبکہ ایم کیو ایم کی جانب سے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفی کمال اور ڈاکٹر فاروق ستار،خواجہ اظہارالحسن، سید امین الحق و دیگر موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ آج دو بڑی سیاسی جماعتوں نے عہدوں کی تقسیم کی بجائے اصولی موقف اختیار کیا ہے جس پر مسلم لیگ ن ایم کیو ایم پاکستان کو مبارکباد پیش کرتی ہے کہ انہوں نے عوامی مسائل کو اجاگر کیا، یہ مطالبہ ایم کیو ایم پاکستان کا نہیں بلکہ ملک کی 25 کروڑ عوام کا ہے، مسلم لیگ ن کی قیادت نے سوچ سمجھ کر اس معاہدے پر دستخط کئے ہیں، سیاسی لین دین کو اس معاہدے کی بنیاد نہیں بنایا گیا، ہم سر جوڑ کر بیٹھیں گے اور اگلے تمام مراحل پر مشاورت سے چلیں گے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سید مصطفی کمال نے کہا کہ یہ ڈاکیومنٹ ایم کیو ایم یا کراچی والوں کا نہیں بلکہ پورے پاکستان کی 25 کروڑ عوام کا ہے، جو اختیارات اور وسائل اٹھارویں ترمیم کے بعد وزرا اعلی کے دفاتر میں منجمد ہو گئے تھے اب وہ گلی محلوں تک منتقل ہونگے اور لوگوں میں شراکت داری کا احساس بیدار ہوگا جس سے ملک میں ایک نئی صبح کا آغاز ہوگا۔

انتظامی خامیاں دور ہونگی، وسائل اور اختیارات نچلی سطح پر منتقل ہونے سے ملک صحیح سمت میں گامزن ہوگا۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ معاہدہ اس بات کی غمازی ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان نیک نیتی کے ساتھ عوام کی خدمت کرنے اور مظلوموں کی آواز بننے کیلئے ایوان میں موجود ہے۔ جو کام میئر اور بلدیاتی نمائندوں کو کرنے چاہییں وہ وزیراعظم، وزرا اعلی اور دیگر وزرا کرتے ہیں، اب یہ تمام سیاسی جماعتوں کا امتحان ہے کہ کون سی جماعت عوام کے مسائل حل کرنے میں کتنی سنجیدہ ہے۔