وزیر اعظم پاکستان کون شہباز شریف اورعمرایوب میں مقابلہ کل

حکومتی اتحادی جماعتوںکے امیدوارشہباز شریف اور سنی اتحاد کونسل کے عمر ایوب کے کاغذات نامزدگی منظور

ہفتہ 2 مارچ 2024 22:30

وزیر اعظم پاکستان کون شہباز شریف اورعمرایوب میں مقابلہ کل
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 مارچ2024ء) وزیر اعظم پاکستان کیلئے اتحادی جماعتوں کے نامزدہ کردہ امیدوارشہباز شریف اور اپوزیشن کے عمر ایوب خان کے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے گئے،ذرائع کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی نے شہبازشریف کے کاغذات نامزدگی پر سنی اتحاد کونسل کے اعتراض کو مسترد کر دیا ،پی ٹی آئی کے اعتراض پر مسلم لیگ (ن) نے موقف اپنایا کہ رول آف ممبر پر دستخط کرنے والا ہر ممبر وزارت عظمیٰ کا انتخاب لڑنے کا اہل ہے ، اپوزیشن کے امیدوار عمر ایوب کے کاغذات پر کوئی اعتراض عائد نہیں کیاگیا۔

قبل ازیں وزیر اعظم پاکستان کے لئے اتحادی جماعتوں کے نامزدہ کردہ شہبازشریف اور سنی اتحاد کونسل کے عمر ایوب نے کاغذات نامزدگی سیکرٹری قومی اسمبلی طاہر حسین کے پاس جمع کرا ئے ،شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی اسحاق ڈار، خورشید شاہ، طارق بشیر چیمہ، عون چوہدری، خواجہ آصف نے کاغذات نامزدگیسیکرٹری قومی اسمبلی طاہر حسین کے پاس جمع کروائے گئے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے وزیراعظم کے لیے امیدوار عمر ایوب خود نے خود اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب قومی اسمبلی سیکرٹریٹ وزیر اعظم کے انتخاب کیلئے باقاعدہ شیڈو ل جاری کر دیا ہے جس کے مطابق آج اتوارکو قومی اسمبلی کے نئے قائد ایوان کا انتخاب کیا جائے گا،قومی اسمبلی میں 3 مارچ کو وزیراعظم کے انتخاب کے سوا کوئی اور کارروائی نہیں ہوگی،رائے دہی سے قبل اسپیکر امیدواروں کے نام پڑھ کر سنائیں گے،ایک ہی امیدوار ہونے کی صورت میں اکثریت حاصل کرنے والا امیدوار وزیراعظم منتخب ہوجائے گا۔

دو امیدوار ہونے کے صورت میں رائے دہی کرائی جائے گی۔اگر کوئی امیدوار اکثریت حاصل نہ کر سکا تو دوبارہ رائے شماری ہو گی۔رائے دہی سے قبل پانچ منٹ تک ایوان میں گھنٹیاں بجائی جائیں گی،گھنٹیاں بجانے کے بعد قومی اسمبلی ایوان کے دروازے مقفل کر دیے جائیں گے۔رائے شماری کے عمل کے بعد سیکریٹری تقسیم فہرست جمع کروائے گا، ووٹنگ کے اختتام پر سپیکر نتائج کا اعلان کرے گا۔

نمبر گیم پورا ہونے کے باعث شہباز شریف ممکنہ طور پر مقابلہ جیت کر دوسری بار ملک کے وزیراعظم بنیں گے۔ذرائع کے مطابق حکمران اتحاد کے امیدوار شہباز شریف کو مخالف امیدوار پر واضح برتری حاصل ہے، ان کی مجموعی تعداد 208 ہے اور سادہ اکثریت کے لئے شہباز شریف کو169 اراکین کا ووٹ درکار ہے،ن لیگ کے 108،پیپلز پارٹی کے 68 ووٹ ہیں ،ایم کیو ایم کے 22 ,مسلم لیگ ق کے 5،استحکام پاکستان پارٹی کی4 اور بلوچستان عوامی پارٹی کا ایک ووٹ ہے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار عمر ایوب خان کے حمایتی ووٹرز کی تعداد 89 ہے ،پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے ووٹ کی صورت میں یہ تعداد 90 ہوجائے گی ،مسلم لیگ( ض)،نیشنل پارٹی ،بی این پی مینگل کا ایک ایک ووٹ ہے ،ان جماعتوں نے ابھی کسی کی حمایت کا اعلان نہیں کیا ،جے یو آئی ف کی8 اراکین نے ابھی تک کسی کی حمایت کا مخالفت کا اعلان نہیں کیا،23مخصوص نشستوں کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے ، ایک عام نشست کے نتائج زیر التواء ہیں جبکہ ایک نشست پر الیکشن نہیں ہوا ،اب تک311کامیاب امیدواروں کے نوٹیفیکیشن جاری ہوچکے ہیں ،قومی اسمبلی کا ایوان 336 اراکین پر مشتمل ہے۔