مقبوضہ جموں وکشمیر اورفلسطین کے چیلنجوں سے نمٹنا عالمی امن اور دیرپا سلامتی کے لئے ناگزیر ہے،چوہدری محمد الیاس

پیر 4 مارچ 2024 14:21

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مارچ2024ء) سابق ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن ضلع کوٹلی ومرکزی رہنما پاکستان پیپلزپارٹی آزاد جموں وکشمیر چوہدری محمد الیاس نے مقبوضہ جموں وکشمیر اور فلسطین پر عالمی دوہرے معیار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر اور فلسطین کے چیلنجوں سے نمٹنا عالمی امن اور دیرپا سلامتی کے لئے ناگزیر ہے دنیا ظالم حکومتوں کی حمایت کرنے والوں اور مظلوموں کے حقوق کی وکالت کرنے والوں کے درمیان بٹی ہوئی دکھائی دیتی ہے ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انھوں نے مزید کہا کہ آج کے عالمی منظرنامے میں اخلاقی اقدار اور اصولوں کے بر عکس معاشی مواقع، طاقت اور مادی فوائد کو دیکھا جا رہا ہے انھوں نے وقت کے ساتھ عالمی انسانی حقوق کی صورتحال میں مزید بگاڑ کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے نسل کشی بین الاقوامی معاملات میں ایک نیا معمول بن چکی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہندوستان کے غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں لوگوں کی حالت زار پر بھی روشنی ڈالی اور فاشسٹ حکومت کی جابرانہ پالیسیوں کی وجہ سے ہندوستان کے اندر اقلیتوں کو درپیش چیلنجوں کا ذکر کیا۔نے جابرانہ قابض افواج سے آزادی کے حصول کے مشترکہ مقصد میں کشمیر اور فلسطین کے عوام کی امنگوں کے درمیان تعلق کی نشاندہی کی۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان اور اسرائیل مقبوضہ جموں وکشمیر اور فلسطین کے دیرینہ مسائل کے پرامن حل کے حصول میں دلچسپی نہیں رکھتے۔

انہوں نے کہا کہ ان خطوں میں ظلم کے بوجھ تلے انسانیت کو زندہ دفن کیا جا رہا ہے۔انہوں نے ہندوستان کے غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کے لوگوں کے درمیان غیر مسلح مزاحمت کے لیے ان کے غیر متزلزل عزم میں اتحاد اور تعاون پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر اور فلسطین کاز پاکستانیوں اور کشمیریوں کے عوام کے دلوں میں زندہ ہے۔