میثاق معیشت پر عمل کرلیں تو پاکستان ترقی و خوشحالی کی جانب گامزن ہو جائے گا‘شجاعت حسین

حکومتی جماعتیں ملکی مفاد میں اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں میں پہل کریں‘سربراہ پاکستان مسلم لیگ کی وفد سے گفتگو مسلم لیگ سندھ کے صدر محمد طارق حسن کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی ،روایتی سندھی ٹوپی ،اجرک اور پھولوں کے گلدستے پیش

منگل 5 مارچ 2024 20:17

میثاق معیشت پر عمل کرلیں تو پاکستان ترقی و خوشحالی کی جانب گامزن ہو ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مارچ2024ء) پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے ایک بار پھر ملک و قوم کو معاشی بحرانوں سے نکالنے کے لئے میثاق معیشت کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس پر عمل کرلیں تو پاکستان ترقی و خوشحالی کی جانب گامزن ہو جائے گا،حکومتی جماعتیں ملکی مفاد میں اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں میں پہل کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان مسلم لیگ صوبہ سندھ کے صدر محمد طارق حسن، قام مقام جنرل سیکرٹری سرائے نیازحسین خاص خیلی،صوبائی سیکرٹری اطلاعات محمد صادق شیخ، کراچی ڈویژن کے صدر محمد جمیل احمد خان سے ملاقات کے موقع گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر پنجاپ کے جنرل سیکرٹری ،رکن پنجاب اسمبلی چوہدری شافع حسین ، لاہور کے جنرل سیکرٹری ندیم پہلوان اور دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

(ق) لیگ سندھ کے صدر طارق حسن نے قائدین کو بتایا کہ مسلم لیگ (ق) سندھ کے 20امیدواروں کو پیپلز پارٹی کے حق میں دستبرداری سمیت تنظیمی صورتحال سے آگاہ کیا اور عوامی مسال کے حل کے لئے وفاق و صوبہ سندھ کی حکومتوں میں مسلم لیگی فعال کارکنان کو نماندگی کی درخواست کی۔ سربراہ مسلم لیگ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ مخلص،وفادار اور نڈر کارکنان کو کبھی نظر انداز نہیں کیا اور صوبہ سندھ میں بہت جلد حکومت سازی کے سلسلے میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی سے رابطہ کریں گے اور ہر سطح پر نماندگی دلائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ شورش کی سیاست کرنے والے ملک کے خیرخواہ نہیں ہیں ،ہم نظریہ پاکستان کے امین ہیں ،دھینگا مستی کی سیاست ملکی مفاد میں نہیں ،ایسی سیاست اسلامیہ جمہوریہ پاکستان کو ڈی ریل کرنے کے مترادف ہے ۔چوہدری شجاعت حسین نے اس عزم کا دوبارہ اظہار کیا کہ حکومتی جماعتیں ملکی مفاد میں اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں میں پہل کریں ،حکومتی و اپوزیشن جماعتیں ملک و قوم کو معاشی بحرانوں سے نکالنے کے لئے میثاق معیشت (چارٹر آف اکانومی)پر عمل کرلیں تو پاکستان ترقی و خوشحالی کی جانب گامزن ہو جائے گا۔

اس موقع پر مسلم لیگ سندھ کے رہنمائوں نے الیکشن میں کامیابی پر سربراہ چوہدری شجاعت حسین، چوہدری شافع حسین کو مبارکباد دی اور سندھ کی روایتی سندھی ٹوپی ،اجرک اور پھولوں کے گلدستے پیش کیے ۔