وفاقی جمہوریہ ایتھوپیا کے قومی دن کے موقع پر اسلام آباد میں استقبالیہ کا اہتمام

منگل 5 مارچ 2024 22:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مارچ2024ء) وفاقی جمہوریہ ایتھوپیا کے قومی دن کے موقع پر پاکستان میں ایتھوپیا کے سفیر جمال بیکر عبداللہ نے منگل کو یہاں ایک استقبالیہ کا اہتمام کیا۔ سابق وزیر دفاع اور نومنتخب رکن قومی اسمبلی خواجہ محمد آصف نے تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ تقریب میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور سبکدوش ہونے والے نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضی سولنگی بھی شریک ہوئے۔

تقریب کا آغاز پاکستان اورایتھوپیا کے قومی ترانوں کی دھنوں سے ہوا۔ تقریب میں اسلام آباد میں مقیم مختلف ملکوں کے سفیروں، سیاسی رہنمائوں، صحافیوں، تاجر تنظیموں کے نمائندوں اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ ایتھوپیا کے قومی دن کو اڈووا کی فتح اور سیاہ فام عوام کا وکٹری ڈے بھی کہا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

ایتھوپیا کے 128 ویں وکٹری ڈے کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی رکن قومی اسمبلی خواجہ محمد آصف نے کہا کہ پاکستان اور ایتھوپیا دیرینہ دوستی سے جڑے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں اور وہ ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا کی معیشت میں گزشتہ چند دہائیوں میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے ایتھوپیا کو یوم آزادی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایتھوپین ایئر لائنز کراچی کے بعد جلد لاہور سے بھی اپنے فضائی آپریشن کا آغاز کرے گی۔

ایتھوپیا کے سفیرجمال بیکر عبداللہ نے اپنے خطاب میں ایتھوپیا کے عوام کی پاکستان کے ساتھ گہری وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک تجارت اور دیگر شعبوں میں تعاون کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایتھوپیا نے کثیر الجہتی فورمز پر ایک دوسرے کی حمایت کی ہے۔ ایتھوپیا کے سفیر نے نومنتخب وزیر اعظم محمد شہباز شریف کو عہدہ سنبھالنے پر ایتھوپیا کی حکومت کی جانب سے مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین بین الاقوامی امن و سلامتی کے لئے اچھے تعلقات اور مضبوط تعاون رہا ہے۔ سفیرجمال بیکر عبداللہ نے پاکستان کی انگیج افریقہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے تجارتی وفد نے گزشتہ سال ایتھوپیا کا دورہ کیا، اس سال مئی میں ایک اور تجارتی وفد ایتھوپیا جائے گا۔ قبل ازیں تقریب کے مہمان خصوصی اور دیگر مہمانوں نے ایتھوپیا کے سفیر کے ہمراہ ایتھوپیا کے قومی دن کے موقع پر کیک کاٹا۔