سپریم کورٹ نے 44 سال بعد بانی پیپلزپارٹی کو انصاف دیا، فیصل کریم کنڈی

جمعرات 7 مارچ 2024 17:02

سپریم کورٹ نے 44 سال بعد بانی پیپلزپارٹی کو انصاف دیا، فیصل کریم کنڈی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مارچ2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے 44سال بعد بانی پیپلز پارٹی کو انصاف دیا،خیبرپختونخوا کابینہ میں رشتے داروں کو ہی سب کچھ ملا ،علی امین گنڈاپورخود کو ٹائیگر فورس کا ہیڈ ہی سمجھتے ہیں،ان کوپتہ ہونا چاہئے وفاق کی امداد کے بغیر صوبہ نہیں چل سکتا،سیاست میں رواداری اور اخلاقیات ہونی چاہئیں،ہم صدارتی انتخابات کیلئے فرنٹ گرائونڈ رابطے کررہے ہیں بیک گرائونڈ نہیں،آصف زرداری 9مارچ کو دوسری مرتبہ صدر بننے جا رہے ہیں۔

جمعرات کو یہاں ندیم افضل چن کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ آصف زرداری 400سے زائد ووٹ لیں گے،وہ چارٹر آف اکانومی اور مفاہمت کیلئے کردار ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ہم صدارتی انتخابات کیلئے فرنٹ گرائونڈ رابطے کررہے ہیں بیک گرائونڈ نہیں، ایم کیو ایم سے بھی بات چل رہی ہے، ایم کیو ایم کی اپنی رابطہ کمیٹی تھی فیصلہ ان کا تھا،ایم کیو ایم (ن)لیگ کے اپنے معاملات ہیں، ہم سندھ میں اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ گورنرز 9مارچ کے بعد طے ہوں گے،پنجاب اور کے پی کے گورنر پیپلز پارٹی جبکہ سندھ اور بلوچستان کے مسلم لیگ (ن)تعینات کرے گی۔فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ پی ٹی آئی کی خوش قسمتی ہے کہ پیمرا نے ان کو بین نہیں کیا ہے،ان کے اچکزئی اور مولانا کے بارے میں کلپ سب کے سامنے ہیں۔انہوں نے کہاکہ احتجاج جمہوری حق ہے، پارلیمان میں احتجاج کریں اور قانون سازی کریں تاکہ تحفظات دور ہوسکیں،قانون سازی میں اپوزیشن حصہ نہیں لے گی تو پھر شورشرابے میں بل پاس ہوں گے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہاکہ کے پی کے وزیر اعلیٰ خود کو ٹائیگر فورس کا ہیڈ ہی سمجھتے ہیں، وزیر اعلیٰ کو پتہ ہونا چاہئے وفاق کی امداد کے بغیر کے پی نہیں چل سکتا،خیبرپختونخوا کو فنڈز چاہئیں،دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑنا ہو گی۔فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ کے پی کابینہ میں رشتے داروں کو ہی سب کچھ ملا ہے، خاندانی سیاست کے خلاف احتجاج صرف زبانی ہے ورنہ انہیں ہی وزارتیں ملی ہیں،سنی اتحاد کونسل نے تو جنرل نشستوں پر انتخاب ہی نہیں لڑا، پی ٹی آئی کے لوگوں کے تو آپس میں بیانات نہیں ملتے،سیاست میں رواداری اور اخلاقیات ہونی چاہئیں۔

بھٹو ریفرنس کے حوالت سے بات کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سپریم کورٹ نے 44سال بعد بانی پیپلز پارٹی کو انصاف دیا، انصاف کی تلاش کیلئے ہم بار بار عدالتوں کا دروازہ کھٹکھٹاتے رہے،بینچ کا متفقہ فیصلہ تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو کو فیئر ٹرائل نہیں دیا گیا، ریفرنس کا تفصیلی فیصلہ ابھی آنا ہے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ندیم افضل چن نے کہاکہ پنجاب کے عوام کی بہتری کا معاملہ اٹھایا تھا، پیپلز پارٹی نے 2رکنی کمیٹی بنا دی ہے، ن لیگ بھی جلد بنا دے گی۔ندیم افضل چن نے کہاکہ پنجاب میں پاور شیئرنگ نہیں سیاسی مشاورت کا فارمولہ ہے،پنجاب میں اپنے ورکرز کا خیال رکھیں گے۔