سینیٹر مشاہد حسین نے مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کا حق قرار دیدیا

بانی پی ٹی آئی کو رہا کیا جائے۔وہ سیاسی قیدی ہیں ، عام انتخابات کے بعد اب عام معافی دی جانی چاہیے،ن لیگی سینیٹر کا سینیٹ میں خطاب

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 8 مارچ 2024 12:25

سینیٹر مشاہد حسین نے مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کا حق قرار دیدیا
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔08 مارچ2024 ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیٹر مشاہد حسین سید نے مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کا حق قرار دیدیا، بانی پی ٹی آئی کو رہا کیا جائے۔وہ سیاسی قیدی ہیں انہیں عام معافی دی جائے، مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کا حق ہیں اور انہیں ملنی چاہئیں۔ قائم مقام چیئرمین سنیٹ مرزا آفریدی کی زیر صدارت اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر مشاہد حسین سید کا کہنا تھابانی پی ٹی آئی کی رہائی کا سب سے پہلے مطالبہ بھی میں نے ہی کیا۔

عام انتخابات کے بعد اب عام معافی دی جانی چاہیے۔ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں نواز شریف کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔ اس سے قبل میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی ،پیپلزپارٹی آصف علی زرداری سمیت جاوید ہاشمی و دیگر سیاسی قیدیوں کیلئے آواز بلند کرتا رہا ہوں اور ہمیشہ یہ مطالبہ کیا ہے کہ سیاسی قیدیوں کو جلد از جلد رہا کیا جائے۔

(جاری ہے)

بلوچستان کے لاپتہ افراد پر کمیٹی میں رپورٹ پیش کی گئی، لاپتہ افراد کہیں کے بھی ہوں انہیں بازیاب کیا جائے، ایم کیو ایم کے 500 سے زائد افراد بازیاب ہو گئے اب صرف 13 رہ گئے ہیں۔

مشاہد حسین نے قائم مقام چیئرمین سینیٹ مرزا آفریدی کو اعجاز احمد چودھری کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے ایوان کا وقار بلند کیا ہے اور اس ایوان کے تقدس کیلئے اپنا کردار ادا کیا ہے ۔مشاہد حسین سیدنے ایوان بالا میں اپنے خطاب میں مزید کہا کہ اداروں کے ساتھ سیاسی لوگوں کے تعلقات ٹھیک ہونے چاہئیں۔ٹکرا ﺅ کی سیاست سے نقصان ہمیشہ ملک کا ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ گیم چینجر ہے اور اس منصوبے کی پایہ تکمیل سے پاکستان میں ترقی کا نیا دور شروع ہوگا ۔سی پیک کی افادیت کے بارے میں ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو بتانا چاہئے کہ اس منصوبے سے پاکستان کی ترقی جوڑی ہوئی ہے ۔