امریکی صدرکے اسٹیٹ آف یونین خطاب میں کابینہ کا ایک رکن غائب کیوں رہتا ہے؟

کابینہ کے ایک رکن کونامعلوم اور محفوظ مقام پر منتقل کردیا جاتا ہے ” ڈیزگنیٹڈ سروائیور“ کی نامزدگی ناگہانی صورتحال کے لیے کی جاتی ہے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 8 مارچ 2024 14:40

امریکی صدرکے اسٹیٹ آف یونین خطاب میں کابینہ کا ایک رکن غائب کیوں رہتا ..
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔08 مارچ۔2024 ) امریکی صدر بائیڈن کے سالانہ اسٹیٹ آف دی یونین خطاب کے موقع پر کیپیٹل ہل میں نائب صدر کاملا ہیرس اور کابینہ کے ارکان ان کے ہمراہ تھے مگر پرٹوکول کے مطابق کابینہ کا ایک رکن ان کے ساتھ نہیں تھا اسے” ڈیزگنیٹڈ سروائیور“ کہا جاتا ہے یعنی ایک ایسا اہم عہدے دار جسے زندہ رہنے کے لیے نامزد کیا جاتا ہے.

صدر کے خطاب کے دوران وہ شخص کہیں دور ایک نامعلوم محفوظ مقام پر موجود رہتا ہے اور کسی ناگہانی صورت حال کی وجہ سے جب حکومت کے دیگر عہدے دار زندہ نہ رہیں تو وہ قیادت سنبھال کر حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے اہم فیصلے کرتا ہے زندہ بچ جانے والے کی نامزدگی سالانہ اسٹیٹ آف دی یونین ایڈریس کے علاوہ ا ن موقعوں پر بھی کی جاتی ہے جب کسی وجہ سے صدر اور نائب صدر سمیت کابینہ کے تمام ارکان ایک جگہ اکھٹے ہوتے ہیں گزشتہ سال یہ اہم ذمہ دار وزیر محنت مارٹی واش کو سونپی گئی تھی”ڈیزگنیٹڈ سروائیور“ کی ذمہ داریاں بہت اہم اور حساس ہوتی ہیں لیکن جو شخصیات یہ کردار نبھا چکی ہیں ان کا کہنا ہے کہ ان کے لیے اسٹیٹ آف دی یونین ایڈریس ایک بہت آرام دہ شام ہوتی ہے.

سابق صدر جارج ڈبلیو بش کے 2006 کے سالانہ خطاب کے موقع پر کابینہ کے رکن جم نکلسن کو یہ ذمہ داری سونپی گئی تھی انہوں نے ٹی وی چینل”این بی سی نیوز“ کو اپنے ایک انٹرویو میں بتایا کہ صدر کے سالانہ خطاب کے موقع پر انہیں ایک ہیلی کاپٹر کے ذریعے کمانڈ سینٹر میں پہنچایا گیاجہاں پرلطف ڈنر سے ان کی تواضح کی گئی مگر یہ شان بان ایک ڈیڑھ گھنٹے سے زیادہ کی نہیں ہوتی 1998 کے سالانہ خطاب کے موقع پر ”ڈیزگنیٹڈ سروائیور“ کے فرائض انجام دینے والے اس وقت کے وزیر تجارت بل ڈیلی کہتے ہیں جب کمانڈ سینٹر میں سیکریٹ ایجنٹوں کو یہ اطلاع ملی کہ صدر خطاب کے بعد وائٹ ہاﺅس واپس چلے گئے ہیں تو سیکریٹ ایجنٹ انہیں چھوڑ کر اپنی اپنی کاروں میں رخصت ہو گئے اور انہیں گھر واپس جانے کے لیے ٹیکسی بلانی پڑی.

1997 میں اس وقت کے وزیر زراعت ڈین گلک مین نے ”ڈیزگنیٹڈ سروائیور“ کی ذمہ داری نبھائی تھی ان کے نزدیک یہ آسان کام نہیں ہے انہوں نے 2017 میں” پولیٹکو“ میں اپنے ایک مضمون میں لکھا کہ جب میں یہ ذمہ داری نبھانے کے لیے اپنے گھر سے روانہ ہوا تو میرے ساتھ سیکرٹ ایجنٹس اور ایک فوجی افسر بھی تھا اس کے پاس 45 پاﺅنڈ کا ایک جوہری فٹ بال اور سیاہ چمڑے میں لپٹا ہوا ایلومینیم کا ایک بریف کیس تھا انہیں بتایا گیا کہ یہ ایٹمی بٹن ہے جسے صدر ہنگامی حالات میں جوہری حملے کا حکم دینے کے لیے استعمال کر سکتے ہیں اس کے لیے کوڈ اور مختلف اہداف تھے کوڈ داخل کرنے سے سیکنڈ کے ہزارویں حصے میں پینٹاگان میں حکم چلا جاتا ہے اور پھر منٹوں کے اندر میزائل اپنے بدف کی جانب روانہ ہو جاتا ہے گلک مین لکھتے ہیں کہ کبھی کبھی میں سوچتا ہوں کہ آیا مجھ میں یہ حکم دینے کی ہمت ہو سکتی تھی؟.

امریکہ میں سالانہ صدارتی خطاب کی تاریخ بہت پرانی ہے پہلا اسٹیٹ آف دی یونین ایڈریس 8 جنوری 1790 میں جارج واشنگٹن نے کیا تھا یہ امریکی تاریخ کا سب سے مختصر خطاب تھا جو صرف 833 الفاظ پر مشتمل تھا جب کہ سب سے طویل سالانہ صدارتی خطاب 1946 میں اس وقت کے صدر ہیری ٹرومین نے کیا تھا مگر ”ڈیزگنیٹڈ سروائیور“ تعینات کیے جانے کا سلسلہ صدیوں بعد شروع ہوا سینیٹ کے تاریخی دستاویزات کے دفتر کے ریکارڈ کے مطابق یہ سلسلہ 1960 کے عشرے کے اوائل یا ممکنہ طور پر اس سے بھی پہلے شروع ہوا یہ سرد جنگ کا زمانہ تھا اور یہ خطرہ موجود تھا کہ روس کسی ایسے مقام کو جہاں ساری قیادت اکھٹی ہو ہدف بنا کر ملک کو خطرے میں ڈال سکتا ہے.

وائٹ ہاﺅس کی جانب سے پہلی بار 1981 میں یہ بتایا گیا کہ وزیر تعلیم ٹیرل بیل کو” ڈیزگنیٹڈ سروائیور“ تعینات کیا گیا تھا مگر یہ اعلان بھی صدر رونلڈ ریگین کے کانگریس کے مشترکہ اجلاس کے خطاب کے بہت عرصے بعد کیا گیا 1984 تک یہ روایت رہی کہ ”ڈیزگنیٹڈ سروائیور “کے نام کا اعلان نہیں کیا جاتا تھا لیکن اس کے بعد اسٹیٹ آف دی یونین ایڈریس کے موقع پر یہ کہا جانے لگا ہے کہ کابینہ کا فلاں رکن یہاں موجود نہیں ہے لیکن وہ غیر حاضر بھی نہیں ہے تاہم اس کے لیے” ڈیز گینیٹڈ سروائیور“ کی اصطلاح کا استعمال نہیں کیا جاتا.

حالیہ برسوں میں 2021 ایک ایسا سال تھا جس میں اسٹیٹ آف دی یونین ایڈریس کے موقع پر” ڈیزگنیٹڈ سروائیور“ تعینات نہیں کیا گیا کیونکہ کوویڈ۔

(جاری ہے)

19 کی وبا کی وجہ سے کابینہ کے ارکان نے یہ خطاب اپنے گھروں پر دیکھاتھا ویب سائٹ ہسٹری کے مطابق 1984 سے 2020 کے دوران اس رول کے لیے زیادہ تر وزیر داخلہ کا انتخاب کیا جاتا رہا ہے تاہم اس انتخاب کے لیے دو بنیادی چیزوں کو مدنظر رکھا جاتا ہے اول یہ کہ اس کی عمر 35 سال سے کم نہ ہو اور دوسرا یہ کہ اس کی پیدائش امریکہ میں ہوئی ہویہ دنوں شرائط امریکی صدر کے عہدے کے لیے لازم ہیں‘2001 میں دہشت گرد گروپ القاعدہ کی جانب میں امریکہ پر 11 ستمبر کے حملے کے بعد سے” ڈیزگنیٹڈ سروائیور“ کے رول کو زیادہ اہم سمجھا جانے لگا ہے.