24 گھنٹوں میں کابینہ سے متعلق حتمی فیصلے ہو جائیں گے، عطا تارڑ

صدارتی انتخاب کے بعد کابینہ کی تشکیل مکمل ہو جائے گی اور جلد ہی حلف اٹھائے گی۔ ن لیگی رہنماء کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 9 مارچ 2024 12:26

24 گھنٹوں میں کابینہ سے متعلق حتمی فیصلے ہو جائیں گے، عطا تارڑ
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 مارچ 2024ء ) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ 24 گھنٹوں میں کابینہ سے متعلق حتمی فیصلے ہو جائیں گے، صدارتی انتخاب کے بعد کابینہ کی تشکیل مکمل ہو جائے گی اور جلد ہی حلف اٹھائے گی۔ پارلیمنٹ ہاؤس آمد پر صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ آج ایوان پولنگ سٹیشن ہے امید ہے آج نعرے بازی نہیں ہوگی اور ایوان کا تقدس پامال نہیں ہوگا، اگر یہ نعرے بازی کرتے ہیں تو یہ ان کا فعل ہے لیکن میں نہیں سمجھتا کہ اس کی کوئی گنجائش ہے۔

اس موقع پر عطاء اللہ تارڑ نے یہ بھی کہا کہ عارف علوی کی مدت الیکشن سے پہلے ہی مکمل ہوچکی تھی، ان کو اصولی طور پر چاہیئے تھا وہ چھوڑ کر چلے جاتے تاہم انہوں نے آخری وقت بھی گارڈ آف آنر لینا ضروری سمجھا۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان صدارتی الیکشن میں آصف علی زرداری کو ووٹ دے گی، اس حوالے سے ان کے ساتھ معاملات طے پا گئے ہیں، آج آصف زرداری بھاری اکثریت سے صدر مملکت منتخب ہوں گے۔

اسی حوالے سے متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماء فاروق ستار نے کہا ہے کہ صدارتی انتخاب میں آصف زرداری کو غیر مشروط طور پر سپورٹ کریں گے، وزیراعظم کے انتخاب کے موقع پر بھی ہم نے شہباز شریف کی مکمل حمایت کا اعلان کیا تھا اس لیے آصف زرداری کو سپورٹ کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے ہم اتحادی حکومت میں شامل ہیں اور پہلے بھی مل کر اکھٹے کام کر چکے ہیں، ہمارا ن لیگ کے آئینی ترامیم کے حوالے سے معاہدہ ہوا ہے اور ہماری کوشش ہوگی کہ اس معاہدے پر دونوں فریق مکمل عمل کریں، ہمارے پیپلزپارٹی کے ساتھ بھی کوئی اختلافات نہیں ہیں، سارے اسٹیک ہولڈرز کا اسٹیک داوٴ پر لگا ہوا ہے، اسمبلی ناکام ہوتی ہے تو یہ صرف ن لیگ، پیپلز پارٹی یا ایم کیوایم کی ناکامی نہیں پی ٹی آئی کی بھی ناکامی ہوگی۔