مقبوضہ جموںوکشمیر،پولیس کو آزادی پسندوں کے خلاف کریک ڈائون میں تیزی لانے کی ہدایت

ہفتہ 9 مارچ 2024 16:21

جموں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مارچ2024ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیرمیں پولیس کو آزادی پسند کشمیریوں کے خلاف کریک ڈائون تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطا بق جموںخطے کے ضلع ڈوڈہ میں پولیس کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میںآزادی پسند کشمیریوں کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لانے کا فیصلہ کیا گیا۔

ڈوڈہ ، کشتواڑ اور رام بن رینج کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل شریدھر پاٹل کی زیر صدارت میں ان اضلاع کے تمام ایس ایچ اوز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں تمام پولیس افسران کو ہدایت کی گئی کہ وہ عام لوگوں کے ساتھ ساتھ ان لوگوں کی سرگرمیوں پر خصوصی نظر رکھیں جنکا تحریک آزادی سے تعلق رہا ہے۔پولیس افسران کو اپنے اپنے علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں میں بھی تیزی لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

دریں اثنا بھارتی پولیس نے مقبوضہ جموںوکشمیر میں اپنی متنازعہ مردم شماری کا عمل بھی تیز کر دیا ہے۔یادرہے کہ بھارتی پولیس نے مقبوضہ علاقے میں لوگوں کے غیر ملکی دوروں کی تفصیلات سمیت ذاتی کوائف جمع کرنے کے لیے ایک متنازعہ مردم شماری شروع کر رکھی ہے۔ پولیس نے گھروں میں ایک فارم تقسیم کیا ہے جس میں مکینوں اور بیرون ممالک آباد خاندان کے افراد کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔ فارم میں گھر کے ہر فرد کو اپنی اپنی تصاویر لگانا ہوگی اور ان سے انکے نام، جنس، عمر، پیشہ، گھر کے مالک سے تعلق، عسکریت پسندوں کے ساتھ روابط، ، ملکیتی گاڑی کا رجسٹریشن نمبر ، گھر کے کسی فرد کے کسی غیر ملکی دورے کی تفصیلات وغیرہ طلب کی گئی ہیں۔