یوٹیلٹی سٹورز اور موبائل یونٹس کے ذریعے مستحقین کو اشیائے ضروریہ کی فراہمی میں غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، وزیراعظم شہبازشریف

بدھ 13 مارچ 2024 17:13

یوٹیلٹی سٹورز اور موبائل یونٹس کے ذریعے  مستحقین   کو  اشیائے ضروریہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2024ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی،خوشحالی اور مہنگائی اور عوام کی معاشی مشکلات کے خاتمے کےلئے سب کو مل کر کام کرناہوگا، 300 یوٹیلٹی سٹورز اور 1200 موبائل یونٹس کے ذریعے کروڑوں مستحقین میں سستے آٹے ، چینی ، دالوں ، گھی اور دیگر اشیائے ضروریہ فراہم کی جارہی ہیں ، اس عمل میں کوئی غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

وہ بدھ کو اسلام آباد میں مختلف یوٹیلیٹی سٹورزکے دورے کے موقع پر گفتگوکر رہے تھے۔اس موقع پر وفاقی وزیراطلاعات نشریات عطاءاللہ تارڑ، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیرخارجہ اسحاق ڈار، صنعت و پیداوار کے وفاقی وزیر رانا تنویر کے علاوہ مختلف محکموں کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے دورے کےدوران مستحقین سے ملاقات کی اور ان سے ان کی مشکلات اور درپیش مسائل کے بارے میں دریافت کیا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ رمضان پیکج کے حصول کے لئے والے مستحقین کو کسی مشکل کاسامنا نہ کرنا پڑے۔ وزیراعظم نے بتایا کہ رمضان ریلیف پیکج کی تقسیم کے عمل کا جائزہ لینے کے لئے انہوں نے اچانک یوٹیلیٹی سٹورز کے دورے کئے ہیں۔ ان یوٹیلیٹی سٹورز پر آٹا 77 روپے فی کلو، گھی 100 روپے فی کلو سستا فراہم کیا جا رہا ہے ۔ اس کے علاوہ چاول ، دالوں اور چینی سمیت اشیائے ضروریہ پر بھی 30 فیصد کم نرخ وصول کئے جا رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہاکہ یوٹیلیٹی سٹورز پر بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔ 300 یوٹیلیٹی سٹورز کے علاوہ 1200 موبائل یونٹس کے ذریعے بھی کروڑوں مستحقین کو رمضان ریلیف پیکج کی فراہمی جاری ہے۔ مستحقین کے کوائف موجود ہوں تو بلاتاخیر ان تک اشیاء ضروریہ ارزا ں نرخوں پر پہنچ جاتی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت اس سال امدا د کی رقم بڑھا کر 10ہزار روپے کر دی گئی ۔

بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے لاکھوں گھرانوں کو کفالت پروگرام کے تحت2 ہزارروپے اضافی بھی فراہم کئے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم نے یقین دلایا کہ یوٹیلیٹی سٹورز کے ذریعے فراہم کی جانےوالے اشیاکے معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں کیاجائےگا، کہیں کوئی غیر معیاری اور ناقص اشیاکی شکایت ملی تو سخت کارروائی کی جائے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت متعلقہ اداروں اور وزرا کی مشترکہ کوششوں سے رمضان ریلیف پیکج کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔

انہوں نے کہاکہ 3 کروڑ 96 لاکھ خاندانوں کو بی آئی ایس پی کے تحت سہ ماہی وظیفہ دیا جائےگا۔ وزیراعظم نے کہاکہ دورے کے دوران انہیں یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ رمضان ریلیف پیکج کی تقسیم کا عمل بہترین طریقے سے جاری ہے۔ حکومت رمضان میں 12ارب روپے سے عام آدمی کو ریلیف فراہم کرے گی۔وزیراعظم نے دعا کی کہ رمضان المبارک کی برکت سے پاکستان میں ترقی اور خوشحالی کا دور دورہ ہو اور مہنگائی و عوامی مشکلات کا خاتمہ ہو ۔ ہم سب کو اس کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا۔\932