وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کی وزیراعظم سے ملاقات بارش کا پہلا قطرہ ہے، احسن اقبال

امید ہے اسی سمت میں تمام سٹیک ہولڈر آگے بڑھیں گے، خوش آئند ہے کہ اپوزیشن جمہوری عمل میں حصہ لے رہی ہے۔ وفاقی وزیر کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 14 مارچ 2024 11:20

وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کی وزیراعظم سے ملاقات بارش کا پہلا قطرہ ہے، ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 مارچ 2024ء ) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کی وزیراعظم سے ملاقات بارش کا پہلا قطرہ ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے سینیٹ کے ضمنی الیکشن کے حوالے سے کہا کہ خوش آئند ہے کہ اپوزیشن جمہوری عمل میں حصہ لے رہی ہے، گزشتہ روز وزیراعلٰی خیبرپختونخواہ کی وزیراعظم سے ملاقات بارش کا پہلا قطرہ ہے، امید ہے اسی سمت میں تمام سٹیک ہولڈر آگے بڑھیں گے، سیاست اپنی اپنی لیکن عوام ہم سب کے سانجھے ہیں۔

اس دوران جب صحافی نے احسن اقبال سے سوال کیا کہ چئیرمین ارسا کی تعیناتی کے حوالے سے آپ کے اتحادیوں کے تحفظات سامنے آئے ہیں، اس پر کیا کہیں گے؟ اس کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ معمول کی تعیناتی ہے ہم صوبوں کے حقوق کا احترام کرتے ہیں، سب کا فرض ہے سیاسی تنازع کو سائڈ پر رکھ کر مل کر کام کریں۔

(جاری ہے)

دوسری طرف وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور نے وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات کو انتہائی مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ و زیراعظم نے کے پی حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی، وفاقی حکومت صوبے کے بقایا جات بھی جلد ادا کرے گی، پاکستان کے معاشی حالات ٹھیک نہیں،ہماری کوئی ایسی ڈیمانڈ نہیں جو پوری نہ ہوسکے، امید ہے کہ وزیراعظم کا وعدہ کوئی جھوٹ یا دھوکا نہیں ہوگا۔

انہوں نے وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات کے بعد ن لیگی رہنماؤں امیر مقام اور احسن اقبال کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج میری وزیراعظم سے پہلی ملاقات تھی، ظاہر ہے اب ہماری حکومتیں قائم ہوچکی ہیں، اب ہمارے لیے عوام کے اور صوبے کے مسائل ان کو حل کرنا ہے، عوامی مسائل پر بات چیت ہوئی، وزیراعظم سے ملاقات انتہائی مثبت رہی، وزیراعظم نے ہمیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی، وفاق کے ذمے ہمارے واجبات جو ہیں ان سے متعلق بات ہوئی، وزیراعظم نے کہا خیبرپختونخواہ کا پیسا آپ کا حق ہے وہ ہم ادا کریں گے۔