سینیٹ الیکشن،پیپلزپارٹی کا ایمل ولی او ر جان بلیدی کی حمایت کا اعلان

پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمٹیرین نے سینیٹ انتخابات کیلئے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا،رضاربانی،مولابخش چانڈیو،تاج حیدر،چنگیز جمالی ودیگر شامل ہیں

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 16 مارچ 2024 11:59

لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16 مارچ2024 ء) پاکستان پیپلزپارٹی نے سینیٹ انتخابات میں جان بلیدی اور ایمل ولی کی حمایت کا اعلان کردیا ، سینیٹ میں جان بلیدی نیشنل پارٹی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مشترکہ امیدوار ہوں گے جبکہ پیپلز پارٹی کی جانب سے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنما ایمل ولی خان اے کی بھی حمایت کی جائے گی۔اس کے علاوہ پاکستان پیپلز پارٹی نے جنرل نشستوں کیلئے چنگیز جمالی اور عمر گورگیج کو نامزد کر دیا، ٹیکنوکریٹ کی نشست پر بلال مندوخیل اور عشرت بروہی اور کرن بلوچ کو خواتین کی نشستوں کیلئے نامزد کیا گیا ہے۔

دریں اثناءپاکستان پیپلز پارٹی پارلیمٹیرین نے سینیٹ کے الیکشن کیلئے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا۔سینیٹ انتخابات میں سندھ سے جنرل نشستوں پر رضا ربانی،مولابخش چانڈیو،تاج حیدر،کاظم شاہ، اشرف جتوئی، مسروراحسن، ندیم بھٹو، سرفرازراجڑ اور دوست علی امیدوار اور سندھ سے ٹیکنوکریٹس کی نشست پر بیرسٹر ضمیر گھمرو اور سرمد علی امیدوار ہونگے جبکہ سندھ سے خواتین کی نشستوں کیلئے عینی مری اور روبینہ قائم خانی اوراقلیتوں کی نشست کیلئے پونجھو بھیل امیدوار ہونگے۔

(جاری ہے)

اسی طرح بلوچستان سے ایمل ولی خان، جان محمدبلیدی،، چنگیزخان جمالی اور سردار عمر امیدوار ہونگے،بلوچستان سے ٹیکنوکریٹ کی نشست پر بلال مندوخیل امیدوار ہوں گے،بلوچستان سے خواتین کی نشست پر عشرت بروہی اور کرن بلوچ امیدوار ہوں گی اور خیبرپختونخواہ کے سے روبینہ خالد اور پنجاب سے فائزہ احمد ملک پی پی کی امیدوار ہوں گے جبکہ اسلام سے رانا محمود الحسن پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹ کیلئے امیدوار ہونگے۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے سینیٹ الیکشن کا شیڈول جاری کیا تھا جس کے مطابق سینیٹ کی 48نشستوں پر انتخابات 2اپریل کو منعقد ہونگے۔ کاغذات نامزدگی 15 سے 16 مارچ تک جمع کرائے جاسکیں گے اور کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 19مارچ کو ہوگی۔الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن ٹربیونل 25 مارچ تک اپیلیں نمٹائیں گے اور امیدواروں کی فہرست 26 مارچ کوآویزاں کی جائیں گی جب کہ کاغذات نامزدگی 27 مارچ تک واپس لئے جاسکتے ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق سینیٹ انتخابات کی پولنگ صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک ہوگی۔