چالیس سالہ ایم کیو ایم کے شہدا کی قربانی کا ثمر ہے جن کے خون سے جلنے والے چراغ کی روشنی سے آج اجالا ہے،ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی

ہم مہاجر قومی موومنٹ تھے تو اس وقت ہم نے غریب طبقے سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو ایوانوں میں بھیج کر ایسا انقلاب لانے جو آج تک کوئی نہیں لاسکا،سربراہ ایم کیوایم پاکستان

اتوار 17 مارچ 2024 21:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2024ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے 40 ویں یوم تاسیس کے موقع پر پی آئی بی کالونی کے ایم سی گرائونڈ میں ایک عظیم الشان پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔پروگرام میں کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، سینئر رہنما سید مصطفی کمال، ڈاکٹر فاروق ستار ، انیس احمد قائم خانی و اراکین ایڈہاک کمیٹی، حق پرست اراکین اسمبلی، کارکنان و ذمہ داران، اے پی ایم ایس او و دیگر شعبہ جات اور شعبہ خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور حمد باری تعالی سے کیا گیا۔اس موقع پر کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب کو رمضان مبارک ہو آج 17 مارچ کی شب ہے جو جھلک کر 18 مارچ بن جائیگی 1984 سے 2024 تک چالیس سال کا سفر ایک متحد ، منظم اور متحرک متحدہ قومی موومنٹ پاکستان بن کر اس ملک میں موجود مظلوم عوام کو انکا حق دلوانے میں اپنا کردار مزید بہتر انداز میں ادا کرنے میں مصروف ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج کے یہ چالیس سال اے پی ایم ایس او اور ایم کیو ایم کے شہدا کی قربانی کا ثمر ہے جن کے خون سے جلنے والے چراغ کی روشنی سے آج اوجالہ ہے نوجوانوں، ماں ، بہنوں کے جدوجہد سے آج ہم سب یہاں موجود ہیں ، 1992 سے لیکر آج تک مستقل جدوجہد کرنے والے تمام کارکنان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور وہ نوجوان جو 11 جون 1978 میں اس ملک میں اے پی ایم ایس او کی بنیاد رکھ کر ایک ایسا انقلاب لائے تھے جس کی نوید آج تک نہیں ملتی ، اس وقت کے نوجوانوں میں کچھ اراکین آج یہاں موجود ہیں اور کچھ ساتھیوں نے ہمارے کل کیلئے اپنا آج قربان کردیا اور یہی نوجوان اے پی ایم ایس او کی شکل میں ایم کیو ایم پاکستان کو کبھی بوڑھا نہیں ہونے دینگے یہ جوان اس قوم کا حق انکو دلوانے کے ساتھ اس قوم کو اس کے اصل مقصد کی جانب لیکر چلے گئے اور انہیں انکی منزل تک پہنچا کر رہے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج یہاں ایم کیو ایم کے ذمہ داران بیٹھے ہیں اور یہ ہی وہ لوگ ہیں جن کی وجہ سے ہم کرسیوں سے اسٹیج اور اسٹیج سے گلی محلوں تک اپنی بات پہنچا رہے ہیں اور 2024 میں جب ہم شامل ہوئے تو ہم نے جو ڈیڑھ کروڑ لوگ لاپتہ تھے انہیں ہم نے بازیاب کروایا ہے اور ہم نے ایسی تاریخ رقم کی ہے کہ وقت سے پہلے مردم شماری کروانی پڑی اور ہم نے ہمیشہ کی طرح مردم شماری میں ڈنڈی مارنے والوں سے اپنا آدھا حق لے لیا ہے اور ہم بہت جلد ان سے اپنا پورا حق لیکر رہیں گے۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا مزید کہنا تھا کہ جب ہم مہاجر قومی موومنٹ تھے تو اس وقت ہم نے غریب طبقے سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو ایوانوں میں بھیج کر اس ملک میں ہلچل مچا دی تھی اور ایسا انقلاب لانے جو آج تک کوئی نہیں لا سکا اور آج ہم کشمیر کے پہاڑوں سے لیکر ، سندھ ، بلوچستان، پنجاب سمیت ملک بھر میں سیاسی جماعتوں کو اتنا مجبور کردینگے کہ جاگیردار کسانوں اور مظلوموں کے حق کو مزید ہڑپ نہیں کر سکے گیں، ہم ایسے غریب طبقے سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو ایوانوں میں بھیجے گے کہ جو ملک کے تمام مظلوموں کو انکا حق انکی دہلیز پر لاکر دینگے آپ سب کو متحد قومی موومنٹ پاکستان کا 40 واں یوم تاسیس مبارک ہو۔