وزیراعظم پاکستان محمد شہبازشریف کا دانش سکول قائم کرنے کا اقدام قابل تعریف ہے،راجہ فاتح محمود کیانی

منگل 19 مارچ 2024 13:43

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2024ء) کوآرڈینیٹر مسلم لیگ ن یوتھ ونگ آزاد جموں وکشمیر راجہ فاتح محمود کیانی نے وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی جانب سے آزاد جموں وکشمیر میں دانش سکول قائم کرنے کے اعلان کا بھرپور خیرمقدم کیا ہے۔اپنے جاری کردہ ایک بیان میں راجہ فاتح محمود کیانی نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کا دانش سکول قائم کرنے کا اقدام قابل تعریف ہے اور دانش سکول پاکستان بھر میں معیاری تعلیم کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ دانش سکولوں میں معاشرے کے پسماندہ افراد کے بچوں کو معیاری تعلیم کے مواقع ملتے ہیں آزاد جموں وکشمیر میں دانش سکول کے قیام سے تعلیمی سرگرمیوں کو مزید فروغ ملے گا۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان بھر کے پسماندہ علاقوں کے بچے اور بالخصوص وہ بچے جو والدین کی شفقت سے محروم ہیں کی تعلیم وتربیت میں دانش سکولوں کا نمایاں کردار ہے۔

انھوں نے کہا کہ آج یہ بچے ملک کی اعلیٰ ترین جامعات میں اپنے میرٹ کی بدولت پڑھائی جاری کر رہے ہیں اور ثابت کر رہے ہیں کہ یہ ادارے ایک اعلی و ارفع مقاصد لئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر میں دانش سکولز کی قابل ترین ٹیم ان مقاصد کے لیے جانفشانی سے کام کرتے ہوئے کامیاب ہوتی نظر آ رہی ہے انھوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کے اس وژن کی حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت ہے تاکہ یہ بچے تعلیم حاصل کر کے نہ صرف اپنے خواب پورے کریں بلکہ ملک و قوم کا اثاثہ بنیں۔ انہوں نے دانش سکولز کی اچھی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کو تعلیم دینے کے ساتھ ساتھ ان کی بہترین کردار سازی پر بھی توجہ دیں۔