Live Updates

’اس نے سارے پاکستان کو او ایل ایکس پر لگا دیا‘

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا نئے وزیر خزانہ سے متعلق تبصرہ

Sajid Ali ساجد علی منگل 19 مارچ 2024 14:48

’اس نے سارے پاکستان کو او ایل ایکس پر لگا دیا‘
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 مارچ2024ء ) سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا نئے وزیر خزانہ سے متعلق دلچسپ تبصرہ سامنے آگیا۔ عدالت پیشی کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ساری جو آئی ایم ایف کی ڈیل ہورہی ہے، اس وقت جو صورتحال ہے اس میں ظاہر ہے اس کی کوئی کریڈیبلٹی نہیں ہوگی، اسحاق ڈار اور مفتاح اسماعیل کم از کم پاکستانی تو تھے، نئے وزیر خزانہ تو پاکستانی ہی نہیں ہیں، عجیب و غریب طریقے سے باہر سے ہالینڈ کا ایک شہری بلاکر وزیر خزانہ بنادیا، جس کو سارا پاکستان دے دیا کہ بیچ دو، جس نے سارے پاکستان کو او ایل ایکس پر لگا دیا۔

علاوہ ازیں سابق وفاقی وزیر یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، پانچ سال تو حکومت ہر گز نہیں چلتی ہوئی، موجودہ حکومت کو مودی سرکار اور ایان علی کے علاوہ کوئی نہیں مانتا، خیبرپختونخوا کا سیاسی کردار بہت اہم ہے، پاکستان بنانے میں بھی اہم کردار اداکیا، موجودہ حکومت کو ہٹانے میں خیبرپختونخوا کا کردار اہم ہوگا، مولانا فضل الرحمان نے لانگ مارچ کا فیصلہ کرلیا تو حکومت چلی جائےگی۔

(جاری ہے)

فواد چوہدری یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ شہباز شریف نے جو مفاہمت والی بات کی وہ اچھی ہے لیکن ابھی تک منافقت چل رہی ہے مفاہمت نہیں، جو لوگ جیلوں میں ہیں پہلے انہیں تو نکالیں پھر مفاہمت کی بات ہوگی، ہزاروں کارکنوں کی رہائی کے بغیر شہبازشریف کی مفاہمت کی بات منافقت لگتی ہے، اس لیے سیاسی کارکنان کو رہا کریں تو پھر مفاہمت کی بات کریں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ حکومت دراصل چوں چوں کا مربہ اور پی ڈی ایم ٹو ہے، اسی لیے نئی حکومت کے باوجود ملکی حالات خراب ہوں گے کیوں کہ پاکستان کی عوام ایک طرف اور حکومت دوسری جانب کھڑی ہے، جب تک عمران خان اور تحریک انصاف کو شامل نہیں کرتے ان میں بہتری نہیں آئے گی، عمران خان نے جس دن سے کہا الیکشن کمیشن پر آرٹیکل 6 لگے گا اس دن سے یہ ڈرے ہوئے ہیں، فارم 45 کی قانون سازی شہید بے نظیر بھٹو نے کروائی اور فارم 45 کی اہمیت عمران خان نے عوام کا باور کروائی ہے۔

فواد چوہدری کہتے ہیں کہ پوری دنیا نے انتخابات پرسوالات اٹھائے ہیں، جس طرح کے انتخابات ہوئے ہیں سب کے سامنے ہیں، آسٹریلیا، امریکہ اور برطانیہ سمیت پوری دنیا نے انتخابات پر سوالات اٹھائے ہیں، 1965ء میں ایوب خان کے دورمیں جو الیکشن ہوئے تھے اس کے بعد یہ الیکشن بھی یاد رکھے جائیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات