Live Updates

وفاقی وزیر کا حکومت کو عمران خان سے بات چیت کا مشورہ

لوگوں نے انہیں مینڈیٹ دیا ہے ہمیں اس کا فائدہ اٹھانا چاہیئے۔ قیصر احمد شیخ کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی بدھ 20 مارچ 2024 14:57

وفاقی وزیر کا حکومت کو عمران خان سے بات چیت کا مشورہ
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 مارچ 2024ء ) وفاقی وزیر بحری امور قیصر احمد شیخ نے اپنی حکومت کو قائد پی ٹی آئی عمران خان سے بات چیت کا مشورہ دے دیا۔ اے آر وائی سے منسلک صحافی نعیم اشرف بٹ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کو بانی پی ٹی آئی عمران خان سے بات چیت کرنی چاہیئے کیوں کہ لوگوں نے انہیں مینڈیٹ دیا ہے اور ان کا وژن ہے تو ہمیں فائدہ اٹھانا چاہیئے، سابق وزیراعظم عمران خان کوبھی چاہیئے ملک کی بہتری کی بات کریں، آئی ایم ایف کوخط نہ لکھیں۔

اپنی وزارت سے متعلق سوال کے جواب میں قیصراحمد شیخ نے کہا کہ میری بھی خواہش تھی وزارت خزانہ ملے لیکن میں بحری امور کی وزارت سے بھی خوش ہوں، میں کراچی میں رہتا ہوں، اس لیے ایم کیوایم سے اچھے تعلقات ہیں وہ میرے ساتھ تعاون کریں گے۔

(جاری ہے)

یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف بھی اپوزیشن کو میثاق معیشت اور میثاق مفاہمت کی دعوت دے چکے ہیں، قومی اسمبلی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے بطور حزب اختلاف پہلی تقریر میں میثاق معیشت کی بات کی اور آج پھر میثاق معیشت کا اعادہ کرتا ہوں اور میثاق مفاہمت کی دعوت دیتا ہوں، ہم سب پاکستان کیلیے اپنی انا کو دفن کر سکتے ہیں، شور شرابے کے بجائے اسمبلی میں شعور کا راج ہونا چاہیئے تھا، اکٹھے ہوجائیں تاکہ یہ شور شعور میں بدل جائے، پاکستان کی تقدیر مل کر بدلیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ نظام میں انقلابی تبدیلیاں لانی ہوں گی، قرضوں کی زندگی سے جان چھڑالیں، محکوم قوم کی بجائے سر اٹھاکر زندگی گزاریں، ہم نے اپنی سیاست کو قربان کرکے ملک بچایا، ہم نے صبر و تحمل سے کام لیا، کبھی بدلے کی سیاست کا نہیں سوچا، قائد نوازشریف نے مجھے اس منصب کے لیے نامزد کیا، آصف زرداری، بلاول بھٹو اور خالد مقبول صدیقی کا شکریہ ادا کرتا ہوں، شجاعت حسین، سالک حسین ،عبدالعلیم خان اورخالد مگسی کا بھی مشکور ہوں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات