سینیٹ انتخابات،خیبرپختونخوا سے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری، مراد سعید، محمود خان کے کاغذات مسترد

جن امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے وہ 21 مارچ تک الیکشن ٹریبونل میں اپیل دائر کر سکتے ہیں، الیکشن کمیشن

بدھ 20 مارچ 2024 17:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2024ء) سینیٹ انتخابات کے لیے خیبرپختونخوا سے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی گئی ہے جس کے مطابق جنرل نشستوں پر رہنما تحریک انصاف مراد سعید اور محمود خان کے کاغذات مسترد کردیے گئے، ٹیکنوکریٹ نشست کے لیے اعظم سواتی کے کاغذات نامزدگی بھی مسترد ہوگئے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ سینیٹ انتخابات کے لیے خیبرپختونخوا سے 42 میں سے 30 امیدواروں کے کاغذات درست قرار جبکہ 12 کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے گئے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں 7 جنرل نشستوں کے لیے 16 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی درست قرار دیے گئے ہیں۔خواتین کی 2 نشستوں کے لیے 6 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی درست جبکہ ٹیکنوکریٹ کی 2 نشستوں کے لیے 8 امیدواروں کے کاغذات درست قرار دیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق جن امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے وہ 21 مارچ تک الیکشن ٹریبونل میں اپیل دائر کر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ 11 مارچ کو سینیٹ کی 48 نشستیں خالی ہونے کے بعد الیکشن کمیشن ان پر انتخابی شیڈول 14 مارچ کو جاری کرنے کا اعلان کیا تھا، بعدزاں 14 مارچ کو الیکشن کمیشن نے سینیٹ کی 48 نشستوں پر 2 اپریل کو انتخابات کرانے کا شیڈول جاری کیا تھا۔48 نشستوں پر انتخاب عمل میں لایا جائے گا جن میں پنجاب کی 7 جنرل نشستوں اور خواتین کی 2 علما اور ٹیکنوکریٹ کے لیے 2 اور غیر مسلم کی ایک نشست پر انتخاب ہوگا۔

سندھ کی 7 جنرل، 2 خواتین ،2 علما اور ٹیکنوکریٹ اور ایک غیر مسلم کی نشست پر انتخاب ہوگا، خیبر پختونخوا کی 7 جنرل ، 2 خواتین ،2 علما اور ٹیکنوکریٹ کی نشستوں پر انتخاب ہوگا۔اس کے علاوہ بلوچستان کی 7 جنرل ، 2 خواتین ،2 علما اور ٹیکنوکریٹ نشستوں پر انتخاب ہوگا، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ایک جنرل اور ایک ٹیکنوکریٹ کی سیٹ پر انتخاب ہو گا۔

14 مارچ کو سینیٹ کی 6 نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی سمیت 4 امیدوار کامیاب ہوگئے تھے جبکہ مسلم لیگ (ن) اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ایک، ایک امیدوار کامیاب ہوئے۔اس وقت پارلیمنٹ کے ایوان بالا سینیٹ کی کل تعداد 100 ہے، جس میں 4 صوبوں سے 23، سابق فاٹا اور اسلام آباد سے 4، 4 اراکین شامل ہیں، صوبے کے لیے مختص کردہ 23 نشستوں میں 14 جنرل نشستیں، 4 خواتین کے لیے، 4 ٹیکنوکریٹس اور ایک اقلیتی رکن کے لیے مختص ہے۔