گوادر کے آج کے حملے سے ڈائیلاگ کے پراسس کو دھچکہ لگا ہے،سینیٹر محمدعبدالقادر

گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس پر حملہ دراصل چین اور دیگر دوست ممالک کے سرمایہ کاروں کی حوصلہ شکنی کرنا ہے

جمعرات 21 مارچ 2024 20:49

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مارچ2024ء) چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پیٹرولیم و رسورسز اور سیاسی و اقتصادی امور کے ماہر سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ نئی حکومت کے تشکیل پاتے ہی ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے شمالی وزیرستان میں حافظ گل بہادر حملوں کے بعد گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس پر بی ایل اے کے مسلح دہشتگردوں حملے کا اندوہناک واقعہ رونما ہوا جو کہ انتہائی افسوسناک ہے پاکستان سیکیورٹی فورسز نے حملہ آوروں کو چن چن کر ہلاک کر دیا ایسے ملک دشمن حملوں کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

یہاں جاری والے ایک بیان میں سینیٹر محمد عبدالقادرنے کہاکہ نئی حکومت کی تشکیل کے موقع پر مختلف ممالک کے سربراہان نے وزیر اعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری کو مل کر معاشی سرگرمیاں بڑھانے کا پیغام دیا یہ پیغامات پاکستان دشمن عناصر اور علاقائی ترقی کے مخالف گروہوں کے لئے وجہ نذع بن چکی ہے بھارت کی سرپرستی میں کے پی اور بلوچستان میں دہشت گرد تنظیمیں سرگرم عمل ہیں پاکستان نے پچھلے دنوں دہشتگردوں کا تعاقب کرتے ہوئے افغانستان میں گھس کر انکے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے جس میں متعدد دہشت گرد ہلاک ہوئے گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس پر حملہ دراصل چین اور دیگر دوست ممالک کے سرمایہ کاروں کی حوصلہ شکنی کرنا ہے ان حملوں کا مقصد چین کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے سے روکنا اور ناراض کرنا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین سی پیک منصوبوں پر تیزی سے کام آگے بڑھانے پر متفق ہیں اسی وجہ سے دہشت گرد بھی متحرک ہو گئے ہیں نئی حکومت کی تشکیل کے ساتھ ہی مختلف ممالک کے سربراہان کے پاکستان کے دورے ترتیب دے دیے گئے دشمن ان مثبت اشاریوں کو بھانپتے ہوئے متحرک ہوگئے دوسرے ممالک کے سربراہان کے ساتھ سرمایہ کار پاکستان آئیں گے تو پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے امکانات روشن ہونے لگیں گے انہی امکانات کو معدوم کرنے کے لئے دہشت گرد متحرک ہو چکے ہیں۔

چیئرمین قائمہ کمیٹی نے کہا کہ سیکورٹی اہلکاروں کی جانب سے علاقہ گھیرے میں لے لیا گیامزید کلیرنس جاری ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت کی تشکیل کے ساتھ ہی ہمیں سیکیورٹی کے معاملات کو فول پروف کرنے پر توجہ مرکوز رکھنے کی ضرورت ہے گوادر کے آج کے حملے سے ڈائیلاگ کے پراسس کو دھچکہ لگا ہے بلوچستان کے وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی نے صوبہ بلوچستان میں موجود دہشت گردوں کے لئے عام معافی کا اعلان کیا تھا لیکن ایسے عناصر جو عام معافی اور ڈائیلاگ کے خلاف ہیں کامیاب ہوئے ہیںوہ نہیں چاہتے کہ یہاں ڈائیلاگ کے ذریعے سکون ہو اور صوبہ میں ترقی کا سفر آگے بڑھے۔