خرم شیر زمان نے دھاندلی کا کیس الیکشن ٹربیونل میں جمع کرادیا

جمعہ 22 مارچ 2024 22:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مارچ2024ء) پی ٹی آئی کے این اے 241 کے امیدوار خرم شیر زمان نے انصاف کے حصول میں ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے این اے 241 دھاندلی کیس الیکشن ٹربیونل میں جمع کرادیا۔انہوں نے امیدظاہرکی کہ کراچی کا مینڈیٹ پاکستان تحریک انصاف کو واپس کیا جائے۔خرم شیر زمان نے کہاکہ الیکشن ٹربیونل کے سامنے اپنا مقدمہ پیش کرنے کے لیے تمام ضروری دستاویزی اور قانونی طریقہ کار کو مکمل کیا گیا ہے ،پر امید ہوں کہ ٹریبونل کے معزز جج صاحبان انصاف کو برقرار رکھیں گے۔

انتخابی عمل میں تضادات کو اجاگر کرتے ہوئے خرم شیر زمان نے فارم 45 اور 47 میں ہیرا پھیری پر تشویش کا اظہار کیا جس کی وجہ سے ان کے مدمقابل پیپلز پارٹی کے مرزا اختیار بیگ کو غیر منصفانہ طریقے سے فاتح قرار دیا گیا۔

(جاری ہے)

خرم شیر زمان نے کہاکہ میں نی79,530 ووٹ حاصل کیے جبکہ مرزا اختیار بیگ کو صرف 20,303 ووٹ ملے۔ ای سی پی نے اپنے فارم 45 میں مجھ سے 30,920 ووٹ چھین کر اسے 48,610 تک لایا اور مرزا اختیار بیگ کو 32,153 سے بڑھا کر 52,456 کردیا، اس طرح انہیں فاتح قرار دیا۔

خرم شیر زمان نے مزید زور دیتے ہوئے کہا، "این اے 241 میں ووٹروں کے مینڈیٹ کی کھلم کھلا ہیرا پھیری اور چوری ناقابل قبول ہے، ہم اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے جب تک انصاف کی فراہمی اور عوام کی حقیقی خواہشات کا احترام نہیں کیا جاتا۔انہوں نے کہاکہ انتخابات کے دن کراچی کے لوگوں کی غیر متزلزل حمایت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے، خرم شیر زمان نے انہیں یقین دلایا کہ پی ٹی آئی کراچی میں حق کے ساتھ جیتی گئی تمام نشستوں پر دوبارہ دعوی کرنے کے اپنے عزم پر ثابت قدم ہے۔

چیلنجز اور رکاوٹوں کے باوجود کراچی کے عوام نے 8 فروری کو اپنا ووٹ ڈال کر پی ٹی آئی پر اپنے اعتماد کا ثبوت دیا۔خرم شیر زمان نے پی پی پی کے شریک چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو فارم 47 کی بنیاد پر داغدار فتوحات قبول کرنے پر بھی زور دیا، ان پر زور دیا کہ وہ جمہوریت اور بنیادی حقوق کے لیے اپنی پارٹی کے عزم پر غور کریں۔جیسے جیسے قانونی کارروائی شروع ہو رہی ہے انصاف کے حصول کی بحالی کے لیے پرعزم ہیں۔#