بلاول بھٹو زرداری کا مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کو ان کی 95 ویں یومِ پیدائش پر خراج عقیدت پیش

بیگم نصرت بھٹو پروقار خاتون ،جمہوریت سے غیر متزلزل وابستگی کی علامت ہیں،زندگی قوم کی بہبود کیلئے صبر، استقامت اور لازوال قربانیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے،چیئرمین پیپلزپارٹی

جمعہ 22 مارچ 2024 23:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کو ان کی 95 ویں یومِ پیدائش پر تہہ دل سے خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو پروقار خاتون تھیں، اور اب وہ جمہوریت سے غیر متزلزل وابستگی کی علامت ہیں۔

ان کی زندگی قوم کی بہبود کے لئے صبر، استقامت اور لازوال قربانیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ انصاف اور پاکستانی عوام کے حقوق کے لیے اپنی غیر متزلزل جدوجہد کے دوران مادرِ جمہوریت نے ناقابل فراموش مصائب برداشت کیے، جن میں ان کے عظیم خاوند قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل اور تین پیارے بچوں شہید محترمہ بینظیر بھٹو، شہید میر مرتضی بھٹو اور شہید شاہنواز بھٹو کی المناک قربانیاں بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مادر جمہوریت کی میراث تحریک کا لازوال چشمہ ہے جو ناانصافی اور جبر کا مقابلہ کرنے کے لیے عزم و بہادری کی علامت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ آج کے دن آئیے ہم بیگم نصرت بھٹو کے اصولوں اور اقدار پر کاربند رہنے کا اعادہ کریں کیونکہ ہم ایک جمہوری اور ترقی پسند پاکستان کے حصول کے لیے ثابت قدمی سے سرگرم عمل ہیں۔