صدر مملکت سے سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود کی ملاقات، دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق

پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے،دونوں ممالک کا برادرانہ رشتہ مشترکہ عقیدے ،تاریخی تعلقات سے عبارت ہے،آصف علی زرداری

ہفتہ 23 مارچ 2024 21:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2024ء) صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک کا برادرانہ رشتہ مشترکہ عقیدے اور تاریخی تعلقات سے عبارت ہے۔

جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ہفتہ کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب نے مل کر کام کرنے اوردوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں وزیراعظم محمد شہباز شریف، وزیر دفاع و دفاعی پیداوار خواجہ محمد آصف، چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر اور پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب نے باہمی مفاد کیلئے دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ صدر مملکت نے مشکل وقت میں پاکستان کو فراہم کی جانے والی حمایت پر سعودی عرب کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ صدر مملکت نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود کی قیادت اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان السعود کے وژن کو بھی سراہا۔ اس موقع پر سعودی وزیرِ دفاع نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط تاریخی، اسٹریٹجک اور دفاعی تعاون ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو مل کر کام کرنا چاہیے اور تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے ایک دوسرے کا ساتھ دینا چاہیے۔ سعودی وزیرِ دفاع نے کہا کہ سعودی عرب علاقائی خوشحالی پر یقین رکھتا ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے خصوصی عطائے اعزازات تقریب میں سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود کو نشان پاکستان ایوارڈ سے بھی نوازا۔ سعودی وزیرِ دفاع کو ایوارڈ دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے اور خطے میں امن کے لیے ان کی خدمات کا اعتراف میں دیا گیا۔ صدر مملکت نے شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود کو ایوارڈ پر مبارکباد دی اوردفاعی تعلقات کے فروغ میں ان کے کردار کو سراہا۔