بانی پی ٹی آئی سے تعلق سیاسی ہے اس میں قتل کی بات کہاں سے آئی رانا ثناء اللہ

16ماہ کی اتحادی حکومت نہ ہوتی تو آج پی ٹی آئی والے مقبول بھی نہ ہوتے، لیگی رہنما سال سے نواز شریف کو جانتا ہوں وہ حکومتوں پر مسلط نہیں ہوں گے،محمد اورنگزیب کو وزیر خزانہ اور محسن نقوی کو وزیر داخلہ لگانا حکومت کیلئے بہتر فیصلہ ہے،نجی ٹی وی سے گفتگو

ہفتہ 23 مارچ 2024 22:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2024ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے تعلق سیاسی ہے، اس میں قتل کی بات کہاں سے آگئی ،16ماہ کی اتحادی حکومت نہ ہوتی تو آج پی ٹی آئی والے مقبول بھی نہ ہوتے، 32سال سے نواز شریف کو جانتا ہوں وہ حکومتوں پر مسلط نہیں ہوں گے،محمد اورنگزیب کو وزیر خزانہ اور محسن نقوی کو وزیر داخلہ لگانا حکومت کیلئے بہتر فیصلہ ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے تعلق سیاسی ہے، اس میں قتل کی بات کہاں سے آگئی بانی پی ٹی آئی ہمارا سیاسی وجود ختم کرنا چاہتے ہیں تو ہم کیسے اسے تسلیم کرلیں ہم بھی ان کے سیاسی وجود کو ملک کیلئے فتنہ سمجھتے ہیں۔

(جاری ہے)

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ حالیہ الیکشنز میں پی ٹی آئی اور دیگر جماعتوں کو کروڑوں ووٹ پڑے اگر ایک دوسرے کے وجود کو برداشت ہی نہیں کرنا تو پھر تباہی ہے، وہ اپنی سوچ نہیں بدلیں گے تو کچھ بھی ہوسکتا ہے۔

رہنما ن لیگ نے کہا کہ 16ماہ کی اتحادی حکومت نہ ہوتی تو آج پی ٹی آئی والے مقبول بھی نہ ہوتے، اگر 16ماہ کی اتحادی حکومت نہ بنی ہوتی تو ہم آج دو تہائی اکثریت میں ہوتے،شہباز شریف کو اتحادی حکومت چلانے کا اچھا تجربہ ہے،شہباز شریف کی جگہ کوئی اور ہوتا تو اب تک معاملہ تلخ ہوچکا ہوتا۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ میں اپنے لیڈر کے موقف کے ساتھ کھڑا تھاکہ الیکشن میں ن لیگ کو سادہ اکثریت ملے گی،اس وقت نواز شریف کے خلاف کوئی کیس نہیں وہ آزاد شہری ہیں، نواز شریف عمرہ پر جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 32سال سے نواز شریف کو جانتا ہوں وہ حکومتوں پر مسلط نہیں ہوں گے،ٹیم نواز شریف نے بنائی نہیں لیکن ٹیم سے متعلق نواز شریف سے مشورہ ضرور ہوا ہوگا۔انہوںنے کہاکہ محمد اورنگزیب کو وزیر خزانہ اور محسن نقوی کو وزیر داخلہ لگانا حکومت کیلئے بہتر فیصلہ ہے،محسن نقوی کو وزیر داخلہ لگانے سے حکومت کو داخلہ امور سے تقویت ملے گی۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے جو فیصلے کیے دانائی سے کیے ہیں۔