اقوام متحدہ متنازعہ علاقوں میں قیام امن ، نسل کشی اور انسانیت کے خلاف جرائم کو روکنے کی ذمہ دار ہے، مقررین سیمینار

اتوار 24 مارچ 2024 13:30

جنیوا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2024ء) اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 55ویں اجلاس کے موقع پر منعقدہ ایک سیمینارکے مقررین نے کہاہے کہ قیام امن کی کارروائیوں کے دوران خاص طور پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے نمٹنے اور تصادم کو روکنے میں اقوام متحدہ کا کلیدی کردار ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ورلڈ مسلم کانگریس کے زیر اہتمام سیمینار سے معروف بین الاقوامی ماہرین قانون، انسانی حقوق کے کارکنان، ماہرین تعلیم اور صحافیوں نے خطاب کیا جن میں ڈاکٹر جوزف ورونکا، لیون کالاہوا سیو، رابرٹ فانٹنا، مصباح شفیع، ظفر احمد قریشی اور ڈبلیو ایم سی کے مستقل نمائندے الطاف حسین وانی شامل ہیں ۔

مقررین نے بین الاقوامی قانون اور انسانی حقوق کے نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے اقوام متحدہ کے کردار اور ذمہ داریوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ قیام امن کی کارروائیوں میں انسانی حقوق کا احترام، قانون کی حکمرانی اورامن کو فروغ دینے میں اقوام متحدہ کا میکانزم اہم کردار ادا کرتاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ یہ میکانزم شکایات کا ازالہ کرکے مستقبل کے تنازعات کو روکنے میں بھی مدد کرتاہے۔

انہوں نے کہا کہ امن و سلامتی کو برقرار رکھنا، انسانی حقوق کا تحفظ، نسل کشی اور انسانیت کے خلاف جرائم کی روک تھام،پائیدار ترقی کی حمایت اوربین الاقوامی قانون کی پاسداری اقوام متحدہ کی اولین ذمہ داریاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کے انسانی حقوق کے تحفظ اور احترام کو ہر حال میںیقینی بنانے کے لیے موثر حکمت عملیوں کی اشد ضرورت ہے۔ مقررین نے فلسطین اور کشمیر جیسے متنازعہ علاقوں میں جاری خونریزی اور تشدد کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے سفارتی ذرائع کو استعمال کرتے ہوئے بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کو یقینی بنائے۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل ایک سیاسی فورم بن چکا ہے اور بڑی طاقتیں مختلف علاقائی تنازعات میں اپنے مفادات کو بچانے کے لیے ویٹو کا استعمال کرتی ہیں۔مقررین نے کشمیر اور فلسطین کے تنازعات کے فوری اور پرامن حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کا پائیدار ترقی، قانون کی حکمرانی، امن اور خوشحالی کا ایجنڈا ان دیرینہ تنازعات کے حل سے جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ حل طلب تنازعات بدامنی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی بنیادی وجہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کونسل کی ذمہ داری ہے کہ وہ مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے اور ان کا احتساب کرے۔