Live Updates

پرویز الہٰی اور مونس الہٰی نے ریٹرننگ آفیسر کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کردی

ریٹرننگ آفیسر نے دونوں امیدواروں کے حقائق کے برعکس کاغذت نامزدگی مستردکیے، عدالت ریٹرننگ افیسر کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔ پی ٹی آئی رہنماؤں کا مؤقف

Sajid Ali ساجد علی پیر 25 مارچ 2024 12:52

پرویز الہٰی اور مونس الہٰی نے ریٹرننگ آفیسر کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 مارچ 2024ء ) ضمنی الیکشن 2024ء کے لیے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے پر سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی اور ان کے صاحبزادے مونس الٰہی نے ریٹرننگ آفیسر کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر دی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چوہدری پرویز الٰہی اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی کی جانب سے دائر اپیل میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ ریٹرننگ آفیسر نےمونس الٰہی کے پی پی 158 کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جب کہ ریٹرننگ آفیسر نے پرویز الہی کے پی پی 32 سے کاغذات نامزدگی مسترد کیے۔

اپیل میں کہا گیا ہے کہ ریٹرننگ آفیسر نے دونوں امیدواروں کے حقائق کے برعکس کاغذت نامزدگی مستردکیے، پرویز الہی کے کاغذات نامزدگی اثاثہ جات چھپانے کے الزام میں مسترد کیے، ریٹرننگ آفیسر نے مونس الہی کے کاغذات عدالتی مفرور ہونے کے باعث کاغذات نامزدگی مسترد کیے، عدالت ریٹرننگ افیسر کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔

(جاری ہے)

ادھر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مونس الہٰی نے کہا ہے کہ ہمارے لیے جیل اور ایف آئی اے نہیں بلکہ الگ پلان بنا ہوا ہے، عمران خان کو ریلیف ملے گا تو ویسے ہی ہمیں بھی ملے گا، پی ٹی آئی قائد عمران خان باہر آئیں گے تو میرے، حماد اظہر، مراد سعید اور دیگر رہنماؤں کی واپسی کے امکانات ہوں گے کیوں کہ اس وقت ہمارے لیے جیل اور ایف آئی اے والا نہیں بلکہ الگ پلان بنا ہوا ہے۔

سابق وفاق وزیر نے کہا کہ عمران خان کی رہائی کے لیے زیادہ کوششیں نہیں ہو رہی ہیں، ہم کور کمیٹی اور وکلاء کے ساتھ بھی بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا معاملہ اٹھا رہے ہیں، وکلاء کی توجہ صرف سابق وزیراعظم کے کیسز پر ہونی چاہیئے، وکلاء کی توجہ پریس کانفرنس، ٹاک شوز اور حلقے کی سیاست پر نہیں ہونی چاہیئے، عمران خان کے کیسز پر توجہ ہوگی تو جلد نتائج سامنے آئیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات