محکمہ صحت عامہ آزاد کشمیر کی معذور لیڈی ہیلتھ ورکر شاہ بانو انصاف کے لیے دربدر

پیر 25 مارچ 2024 14:24

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2024ء) محکمہ صحت عامہ آزاد کشمیر کی معذور لیڈی ہیلتھ ورکر شاہ بانو انصاف کے لیے دربدر، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر سے کردار ادا کرنے کا مطالبہ، معذور لیڈی ہیلتھ ورکر کو اس کا حق دیا جائے سول سوسائٹی نے بھی مطالبہ کر دیا، تفصیلات کے مطابق جہلم ویلی کی رہائشی ایک بازو سے محروم لیڈی ہیلتھ ورکر شاہ بانو جو گزشتہ ایک عرصہ سے اپنی ترقیابی و تعیناتی کے لیے دربدر ہے کے ساتھ سول سوسائٹی کھڑی ہو چکی ہے، سول سوسائٹی نے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ لیڈی ہیلتھ ورکر شاہ بانو کا حق دلوانے کے لیے سامنے آئیں اور کردار ادا کریں، انہوں نے کہا کہ بااثر لوگ معذوروں کے کوٹے پر سرعام شب خون مار رہے ہیں جو کسی صورت قبول نہیں، اگر لیڈی ہیلتھ ورکر شاہ بانوں کو انصاف مہیا نہ کیا گیا تو پھر سول سوسائٹی اپنا جمہوری حق استعمال کرتے ہوئے وزیراعظم سیکرٹریٹ اور سیکرٹری صحت عامہ سمیت وزیر صحت کے دفاتر کے سامنے دھرنا دیں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی، انہوں نے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر لیڈی ہیلتھ ورکر شاہ بانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اس کا مقدمہ لڑنے کا اعلان کریں، سول سوسائٹی نے دیگر تمام مکاتب فکر اور جہلم ویلی کی سیاسی جماعتوں کے ارباب اختیار سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ لیڈی ہیلتھ ورکر شاہ بانوں کے ساتھ انصاف مہیا کروانے کے لیے کردار ادا کریں۔