جو حلف لیا ہے اس کی پاسداری اور ریاست کے غیور عوام کے حقوق اور ان کے تحفظ کے لیے آخری آئینی حد تک جنگ لڑوں گا،وزیراعظم آزادکشمیر

پیر 25 مارچ 2024 23:05

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مارچ2024ء) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ جو حلف لیا ہے اس کی پاسداری اور ریاست کے غیور عوام کے حقوق اور ان کے تحفظ کے لیے آخری آئینی حد تک جنگ لڑوں گا۔قوموں کی زندگی میں مشکل فیصلوں کی قیمت ادا کرنا پڑتی ہے۔برباد حال نظام کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کی کوشش کر رہا ہوں۔

تھوڑا وقت تو ضرور لگے گا۔ دنیا میں کوئی بھی معاشرہ اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتا جب تک وہاں سزا اور جزا کا عمل نہ ہو۔ آزادکشمیر میں بددیانتی کو آئینی تحفظ تھا،اب ہر کوئی بددیانتی اور کرپشن کرتے وقت خوف میں آئے گا۔ اس وقت غربت نے عام شہری کو بری طرح پیس کے رکھ دیا ہے۔ یہ ریاست عوام کے ٹیکسوں کے پیسوں سے چل رہی ہے ان کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

ایسی حکومت ملی تھی جس میں راکھ کے سوا کچھ نہیں تھا۔ آج الحمد اللہ تھوڑا سبزہ نظر آ رہا ہے لیکن ہم نے اس کی قیمت ادا کی ہے۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ 25فیصد نارمل بجٹ میں بچت ہوئی ہے۔ یہ سب کچھ عوام پر خرچ کریں گے۔ لوگوں کے دکھ اور تکلیف کی بات کرتا رہوں گا۔ اس محدود خطے کو علاقائی ازم، برادری ازم، کرپشن، بھتہ مافیا اور بددیانتی نے اس کی جڑیں ہلا کر رکھ دی ہیں۔

ریاست سے بد دیانتی، کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ پھینکوں گا۔ ریاست کے وسائل کو لوٹنے والے دفن کر دیے ہیں۔ آزادکشمیر میں ہیلتھ ایجوکیشن اور سڑکوں کے منصوبے زمین پر نظر آئیں گے۔ نچلی سطح سے غربت کا سو فیصد خاتمہ کرنے کے لیے 10ارب روپے کا سوشل پروٹیکشن پروگرام کے تحت انڈوومنٹ فنڈ قائم کر دیا ہے۔ جس کے تحت آزادکشمیر میں بیوہ، طلاق یافتہ، معذور اور عمر رسیدہ افراد کو ان کی دہلیز پر عزت نفس کو مجروح کیے بغیر مالی امداد فراہم کریں گے۔

بیلداروں کو نئی وردیاں اور ساز و سامان فراہم کریں گے۔ جنگلات کے ملازمین کے تمام مسائل حل کریں گے۔ جنگلات ہماری آنے والی نسلوں کے لیے قیمتی اثاثہ ہیں۔ جنگلات کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔ ریاست کی خوبصورتی جنگلات کی وجہ سے ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے فاریسٹر / فاریسٹ گارڈ ایسو سی ایشن کے زیر اہتمام بیلداران کی بحالی کے حوالہ سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب سے وزرائ حکومت میاں عبدالوحید، سردار جاوید ایوب، محمد اکمل سرگالہ، نثار انصر ابدالی، جاوید اقبال بڈھانوی، ظفراقبال ملک ، چوہدری قاسم مجید،چیئرمین معائنہ وعملدرآمد کمیشن پیر مظہر سعید نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ کے اس موقع پر وزیر حکومت چوہدری اظہر صادق،سیکرٹری صاحبان حکومت، سربراہان محکمہ جات،محکمہ جنگلات کے آفیسران اور بیلداران کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ عوام کی فلاح وبہبود اور بہتری اور اداروں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے ریاست کے پاس وسائل کی کوئی کمی نہیں ہے۔ کرپشن اور بدیانتی کے لیے کسی قسم کے وسائل نہیں ہیں۔ ہمیں اپنے رویوں میں تبدیلی لانا ہو گی۔ بہت جلد آزادکشمیر کے عوام کوہمارے اقدامات کے ثمرات نظر آئیں گے۔ پوری جانفشانی کے ساتھ کام کروں گا ا س کے لیے کوئی بھی قیمت ادا کرنی پڑی کروں گا۔

وزیرا عظم نے کہا کہ آزادکشمیر سے سٹیٹس کو کو جڑ سے اکھاڑ پھینک دیا ہے۔کبھی بھی اپنے اخلاقی اصولوں پر کمپرو مائز نہیں کروں گا۔انہوں نے کہا کہ ایمز کو میڈیکل سٹی میں تبدیل کر یں گے۔ آزادکشمیر کے سکولو ں اور کالجز میں عمارات تعمیر کر کے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کی کاوشوں سے شونٹر اور جاگراں 2کے پراجیکٹ سائن ہو گے ہیں۔ یہ منصوبے آزادکشمیر کی خوشحالی کے لیے گیم چینجر ہیں۔

وزیر جنگلات محمد اکمل سرگالہ نے کہا کہ جنگلات کے ملازمین کے تمام مسائل حل کر یں گے۔بیلداران کی مستقلی کے لیے بھی ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں۔ اتحادی حکومت وزیراعظم کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ وزیرا عظم کی گڈ گورننس اور کرپشن کے خاتمے کے لیے اقدامات لائق تحسین ہیں۔ وزیرحکومت نثار انصر ابدالی نے کہا کہ آزادکشمیرمیں کوئی عدم اعتماد نہیں آ رہی۔

وزیرا عظم کو اتحادی جماعتوں اور فارورڈ بلاک کا بھرپور اعتماد حاصل ہے۔ وزیر حکومت جاوید اقبال بڈھانوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب وزیراعظم کے اقدامات کے ساتھ ہیں۔ وزیراعظم کے آزادکشمیر میں سٹیٹس کو کو توڑنے کی وجہ سے تکلیف ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کوئی عدم اعتماد نہیں ہو رہا اور نہ ہی کوئی اس طرح کی بات ہے۔

وزیر تعلیم ظفر اقبال ملک نے کہا کہ 70سال کے مسائل دنوں میں حل نہیں ہو سکتے، ملازمین کے مسائل حل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افراتفری اور انتشار پھیلانے والے کسی صورت کامیاب نہیں ہو ں گے۔ انسانیت کی بہتری کے لیے اقدامات کریں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری قاسم مجید نے کہا کہ اتحادی جماعتیں وزیراعظم کے ساتھ ہیں، ریاست ہے تو ہم سب ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اکھٹے ہو کر چلیں گے تو ریاست آگے بڑھے گی۔ وزیرحکومت میاں عبدالوحید نے کہا کہ محکمہ جنگلات کے بیلداران ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ یہی لوگ جنگلات کا تحفظ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 75برس کی خرابیاں دنوں میں ٹھیک نہیں ہوتی۔ اتحادی جماعتیں مخلوق خدا کی خدمت کے لیے وزیرا عظم کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیرا عظم نے کرپشن کے راستوں کو بند کر دیا ہے۔

وزیر حکومت سردار جاوید ایوب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیلداران جنگل کی حفاظت کے لیے ہر وقت موجود ہوتے ہیں۔یہ محکمہ جنگلات میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ حکومت وسائل کے اندر رہتے ہوئے تمام مسائل حل کر ے گی۔ چیئرمین معائنہ و عملدرآمد کمیشن پیر مظہر سعید شاہ نے کہا کہ جنگل ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں، شجر پروری کے ساتھ ساتھ جنگلات کی حفاظت میں ہم سب کی بقا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیلداران کے جائز مسائل حل کریں گے۔