غ*وزیر اعظم پاکستان گیس کی قیمتوں پر برہم ہونے کی بجائے ظالمانہ اضافہ واپس لیں

بجلی، گیس اور تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ عام آدمی پر ظلم کی انتہا ہوگا :ضیاء الدین انصاری ٰ سال میں گیس کی قیمتوں میں 11 سو فیصدتک اضافہ کے بعد مزید گیس مہنگی کرنا عوام کا معاشی قتل ہوگا

منگل 26 مارچ 2024 18:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مارچ2024ء) امیرجماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ نااہل حکمران آئی ایم ایف سے قرض لینے کیلئے ان کی ظالمانہ اور عوام دشمن شرائط پر عملدار کرتے ہوئے بجلی، گیس اور تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ کی تیاریاں کررہے ہیں جو عام آدمی پر ظلم کی انتہاء ہے۔گذشتہ ایک سال میں گیس کی قیمتوں میں 11 سو فیصد اضافے کے بعد مزید گیس مہنگی کرنا عوام کا معاشی قتل ہوگا۔

لوگ پہلے ہی بجلی، گیس کے بھاری بھرکم بلوں کے ہاتھوں خون کے آنسو رونے پر مجبور ہیں۔ ایسے میں بجلی، گیس کی قیمتوں میں مزید اضافہ عوام کیلئے ناقابل برداشت ہوجائے گا۔وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف گیس کی حالیہ قیمتوں میں اضافے پر برہم ہونے کی بجائے ظالمانہ اضافہ واپس لیں۔

(جاری ہے)

الیکشن سے قبل ایک طرف مسلم لیگ ن او رپیپلز پارٹی عوام کو دو سو اور تین سو فی یونٹ مفت بجلی دینے کی باتیں کرتے تھے اوراب اپنے تمام وعدوں اور دعوؤں کے برعکس عوام کومہنگائی کی چکی میں پسنے کیلئے اکٹھے ہوگئے ہیں۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے سحر و افطار ڈنر تقریبات میں گیس، بجلی اور تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ کی تیاریوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ رمضان کا دوسرا عشرہ مغفرت شروع ہو چکا لیکن حکومت مہنگائی کے جن پر قابو پانے میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔روزمرہ ضرورت کی اشیا کی قیمتوں میں آگ لگی جو ہر دن مزید بھڑک رہی ہے جسکی وجہ سے عوام کے لیے سحر و افطار کرنا مشکل ترین امر بن چکا ہے۔