ڑ*غزہ کی صورتحال اندازوں سے بھی کہیں زیادہ گھمبیر ہو چکی ہے :جاوید قصوری

۵ سلامتی کونسل میں قرار دا د کی منظوری کے بعد اسرائیل عالمی سطح اپنی حمایت کھو چکا ، فوری جنگ بندی کی جائے

منگل 26 مارچ 2024 18:41

-لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مارچ2024ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے ڈی چوک اسلام آباد میں غزہ کے مظلومین کے حق میں دھرنا دینے کی پاداش میں انتظامیہ کی جانب سے جماعت اسلامی کے رہنماوں پر مقدمات قائم کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک طرف اسرائیل نہتے فلسطینیوں پر بدترین ظلم کر رہا ہے ، نسل کشی کی جارہی ہے تو دوسری طرف حکومت ان کی آواز اٹھانے کے جرم میں مقدمات قائم کر رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل میں غزہ میں فوری جنگ بندی کی قرار داد منظور کرنا محض ایک کاغذی کارروائی ہے اس سے قبل عالمی عدالت انصاف کا اسرائیل کو غزہ میں نسل کشی روکنے کا عبوری حکم بھی کام نہیں آیا ۔اسرائیل عملی طور پر عالمی برادری کی حمایت کھو چکا ہے مگر اس کے باوجود رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں بھی شدید بمباری جاری رکھے ہوئے ہے ۔

(جاری ہے)

یہودی وزیراعظم کی ہٹ دھرمی برقرار ہے۔انہوں نے کہا کہ غزہ میں فوری جنگ بندی کی جائے اور امدادی قافلوں کی آزادنہ اور بلا تعطل ترسیل کو یقینی بنایا جائے ۔ غزہ تباہی کی داستان بن چکا ہے‘ اقوام متحدہ کے مطابق غزہ رہنے کے قابل نہیں رہا‘ 7 اکتوبرکے بعد غزہ میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی‘ ہزاروں افراد شہید اور90ہزار سے زاید زخمی ہوئے۔ غزہ کی 23 لاکھ سے زائد آبادی نفسیاتی اور جسمانی تکالیف میں مبتلا ہے ۔

خواتین کے ساتھ اہلخانہ کے سامنے زیادتی کے واقعات میڈیا میں سامنے آرہے ہیں۔انسانی حقوق کے یورپی مبصرین نے غزہ میں120 اجتماعی قبروں کا انکشاف کیا ہے۔عالمی برادری اور اقوام متحدہ کے دیگر اداروں بالخصوص سلامتی کونسل پر غزہ میں فوری جنگ بندی کے لیے اقدامات پر زور دیتے ہوئے محمد جاوید قصوری نے کہا کہ عالمی برادری اور سلامتی کونسل اسرائیل کو فلسطین میں مزید خونریزی سے روکے۔غزہ کی صورتحال اندازوں سے بھی کہیں زیادہ گھمبیر ہو چکی ہے ۔ خوراک کی قلت الگ ہے‘ اس صورت حال نے غزہ کو جہنم بنا دیا ہے۔