مقبوضہ جموں وکشمیر:ملازمین کو احتجاج اورہڑتا ل کرنے پر سنگین نتائج کی دھمکی

بدھ 27 مارچ 2024 13:00

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2024ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں قابض حکام نے ایک بارپھر جمہوری اصولوں کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے سرکاری ملازمین کو انتباہ جاری کیا ہے کہ وہ مظاہروں اور ہڑتالوں سے دوررہیں ورنہ سنگین نتائج کے لئے تیار رہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انتباہ محکمہ بجلی کو یہ خبریںموصول ہونے کے بعد دیا گیا کہ کچھ ملازمین حکام کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاج کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔

محکمہ بجلی کی طرف سے جاری کردہ سرکلر میں جموں وکشمیر گورنمنٹ ایمپلائز رولز 1971کے رول 20 (ii)کا حوالہ دیا گیا ہے جو سرکاری ملازمین کو ان کی سروس یا کسی دوسرے سرکاری ملازم کی سروس سے متعلق کسی بھی قسم کی ہڑتال میں حصہ لینے سے منع کرتا ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ بجلی نے خبردار کیا ہے کہ جو ملازمین ہڑتالوں یا مظاہروں میں شرکت کریں گے یا جو اس طرح کے پروگرام منظم کرتے پائے گئے ان کے ساتھ قانون کے مطابق سختی سے نمٹا جائے گا۔یہ انتباہ حکام کی جانب سے اختلاف رائے کو دبانے اور سرکاری ملازمین کو ناانصافی اور جبر کے خلاف احتجاج کا حق استعمال کرنے سے روکنے کی واضح کوشش ہے۔ یہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں سرکاری ملازمین کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی اور جمہوریت اقدارکی پامالی ہے۔