جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کا شہداء کو خراج عقیدت، جدوجہد آزادی کو آگے بڑھانے کا عزم

بدھ 27 مارچ 2024 19:40

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2024ء) جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں اشفاق مجید وانی، ڈاکٹر عبدالاحد گورو، جلیل اندرابی ایڈووکیٹ،شبیراحمد صدیقی اوربشارت رضا سمیت شہدائے حضرتبل کو ان کی برسیوں پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے سینٹرل انفارمیشن آفس سے جاری ایک بیان میں شہداء کو تحریک آزادی کشمیر کاقیمتی اثاثہ قراردیا گیا ۔

بیان میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری جدوجہدآزادی میں شہداء کی قربانیوں کی اجاگرکیاگیا۔ بیان میں شہید اشفاق مجید وانی کی جرات اور وژن کو خاص طور پر خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے اپنے نظریات کی پیروی کرتے ہوئے 30مارچ 1990کو شہادت پائی۔

(جاری ہے)

بیان میں ڈاکٹر عبدالاحد گورو اور ایڈوکیٹ جلیل احمد اندرابی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاگیا کہ انہیں بھارتی فوجیوںنے انسانی حقوق کی پامالیوں کو بے نقاب کرنے پر نشانہ بنایا ۔

بیان میں اسلامی اسکالر سید شبیر احمد صدیقی اور کمانڈر بشارت رضا کو بھی خراج عقیدت پیش کیاگیا ۔یہ دونوں درگاہ حضرت بل کے محاصرے کے دوران بھارتی افواج کی جارحیت کا نشانہ بنے۔بیان میں پارٹی اراکین کو 30مارچ کو دعائیہ تقریبات منعقد کرنے کی ہدایت کی گئی ۔ بیان میں مقبوضہ علاقے میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کی مذمت کی گئی اور پارٹی چیئرمین محمد یاسین ملک سمیت تمام حریت پسند نظربندوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔