کشمیری بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کرنے کیلئے پرعزم

جمعرات 28 مارچ 2024 16:21

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2024ء) کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارت جموںو کشمیر پر اپنا ناجائز قبضہ زیادہ دیر تک برقرار نہیں رکھ سکتا اور وہ دن دور نہیں جب کشمیری اسکی غلامی سے آزادی حاصل کر لیں گے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فوجیوں کے وحشیانہ مظالم کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلندہیں ، انہوںنے کبھی بھی اپنی مادر وطن پر غیر قانونی بھارتی قبضے کو قبول نہیں کیا اور وہ اپنے ناقابل تنسیخ حق، حق خودارادیت کے حصول تک اپنی منصفانہ جدوجہد جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہیں۔

ترجمان نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، نعیم احمد خان اور آسیہ اندرابی سمیت جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کی حالت زار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نظر بندوں کو طبی سمیت تمام بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے۔

(جاری ہے)

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت پر دبائو ڈالے ۔

نریندر مودی کی زیر قیادت بی جے پی کی ہندو توا بھارتی حکومت نے اس مرتبہ بھی کشمیری مسلمانوں کو عیدگاہ سرینگر میں عیدالفطر کی نماز ادا کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔یاد رہے کہ مودی کی ہندو توا بھارتی حکومت نے کشمیریوں کے دیگر حقوق کے ساتھ ساتھ مذہبی حقوق بھی سلب کر رکھے ہیں ۔کشمیری مسلمانوں کو جمعہ اورعیدین کی نماز کی ادائیگی سے روکا جا رہا ہے،انہیں محرم الحرام کے جلوس نکالنے کی بھی اجازت نہیں ہے ۔

میر واعظ کشمیر کو نظر بند کر دیا گیا۔قابض انتظامیہ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق کو میرواعظ محمد یوسف شاہ مرحوم کی یاد میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت سے روکنے کیلئے آج سرینگر میں گھر میں نظر بند کر دیا۔دریں اثنا جموں میں ٹرانسپوٹروں نے شہر میں الیکٹرک بسیں چلانے کے قابض بھارتی انتظامیہ کے فیصلے کے خلاف آج ایک روز ہ ہڑتال کی جس کی وجہ سے معمولات زندگی ٹھپ ہو کر رہ گئے۔

ٹرانسپورٹ یونین کے صدر وجے چیب نے کہا کہ ان بسوں کو چلانے سے ٹرانسپوٹروں کی روزی روٹی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ ادھرمقبوضہ جموں و کشمیر کے خطے لداخ سے تعلق رکھنے والے معروف ماہر ماحولیات سونم وانگچک نے لیہہ میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے خطے کے لوگوں کے مطالبات کی حمایت میں 7 اپریل کو احتجاجی مارچ کی کال دی ہے۔سونم وانگچک نے قبل ازیں اپنے مطالبات پر زور دینے کیلئے 21 روزہ بھوک ہڑتال کی جو منگل کی شام ختم ہوئی۔انہوںنے بھوک ہڑتال کے اختتام پر ایک بڑی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ”گو کہ میں آج اپنی بھوک ہڑتال ختم کر رہاہوں لیکن خطے کے لوگوں کے حقوق کیلئے میری جدوجہد مقصد کے حصول تک جاری رہیگی“۔