آصفہ بھٹو کا رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے پر کارکنوں کے نام اظہار تشکر کا پیغام

سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر اپنے تمام حلقوں کی پوری لگن اور اپنی بہترین صلاحیتوں کے ساتھ خدمت کروں گی،سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر(ایکس)پرپیغام

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 30 مارچ 2024 12:41

آصفہ بھٹو  کا رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے پر کارکنوں کے نام اظہار تشکر ..
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔30 مارچ2024 ء) صدر مملکت آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم شہیدبینظیر بھٹو کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ حلقہ این اے 207 سے بلا مقابلہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے کا اعزاز حاصل کرنے پر شکرگزار ہوں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر(ایکس )میں جاری کردہ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ میں عہد کرتی ہوں کہ سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر اپنے تمام حلقوں کی پوری لگن اور اپنی بہترین صلاحیتوں کے ساتھ خدمت کروں گی۔


آصفہ بھٹو نے مزید لکھا کہ حلقہ این اے 207 سے کاغذات نامزدگی جمع کروانے سے لیکر حتمی نتائج سامنے آنے تک اپنے حلقے کے عوام، پیپلز پارٹی کے کارکنان، جیالوں، میڈیا وکرز اور پریس کی موجودگی اور حمایت پر ان کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ شہید بے نظیر بھٹو کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری بلا مقابلہ حلقہ این اے207سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوگئیں۔

وہ پہلی بار ایوان میں عوام کی نمائندگی کریں گی۔الیکشن کمیشن کے مطابق مذکورہ نشست کیلئے آصفہ بھٹو سمیت 11 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔ آر او شیر علی جمالی کے مطابق کہ 7 آزاد امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے تھے جبکہ باقی 3 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی واپس لئے تھے جس کے بعد آصفہ بھٹو زرداری این اے 207 سے بلا مقابلہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوگئی ہیں۔

آصفہ بھٹوزرداری کے رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے پر وزیرداخلہ ضیاالحسن لنجار نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آصفہ بھٹوزرداری کاپارلیمانی سیاست کاآغازجیالوں کےلئے باعث خوشی ہے، بے نظیر بھٹو کی رواداری،آصف زرداری کی بہادری آصفہ بھٹوکی شخصیت کاخاصہ ہے۔یاد رہے کہ یہ نشست صدر مملکت آصف علی زرداری کے صدر بننے سے خالی ہوئی تھی جس پر پیپلزپارٹی نے آصفہ بھٹو زرداری کو نامزد کیا تھا۔آصفہ بھٹو زرداری نے عام انتخابات میں اپنے بھائی بلاول بھٹو زرداری کی انتخابی مہم میں خوب بڑھ چڑھ کر حصہ لیاتھا وہ شہر شہر ریلیوں اور جلسوں سے خطاب کے علاوہ کارکنوں سے ملاقاتیں بھی کرتی رہیں تھیں۔