Live Updates

دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچانا ناگزیر ہے،مریم نواز

دہشتگردی میں ملوث افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں، پاکستانی قوم دہشتگردی کے خاتمے کے عزم پر یکسو ہے،وزیراعلیٰ پنجاب

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 1 اپریل 2024 13:20

دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچانا ناگزیر ہے،مریم ..
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔یکم اپریل2024 ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچانا ناگزیر ہے،دہشتگردی میں ملوث افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں، شانگلہ حملے میں ملوث افراد کی گرفتاری پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستانی قوم دہشتگردی کے خاتمے کے عزم پر یکسو ہے۔

ہماری پاک فوج ملک سے دہشتگردی کے ناسورکو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہے اور پاک فوج کے جوانوں نے اپنی جانوں کی قربانیاں دیکر دہشتگردوں کے عزائم کو ہمیشہ ناکام بنایا ہے ۔مٹھی بھر دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے جوانوں کے حوصلے پست نہیں ہو سکتے ۔واضح رہے کہ سی ٹی ڈی نے بشام میں چینی انجینئرز پر خودکش حملے میں ملوث اہم کمانڈرسمیت10دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا ہے،حملہ میں ملوث نیٹ ورک کا تعلق کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی سے ہے،میڈیا رپو رٹس کے مطابق سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق خوددکش حملہ آور کا تعلق افغانستان سے ہے، حملہ آور کو افغانستان سے لانے والا کمانڈر بھی گرفتار کر لیا گیا ہے ، گرفتار افراد میں 4 سہولت کار بھی شامل ہیں، بارود سے بھری گاڑی افغانستان میں تیار کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

بارود سے بھری گاڑی چمن کے راستے ڈی آئی خان درہ زندہ پہنچائی گئی تھی، گاڑی درہ زندہ سے چکدرہ پہنچانے والے ڈرائیور کو ڈھائی لاکھ کرایہ دیا گیا تھا۔سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق حملہ آور کے موبائل سم کی مدد سے اہم گرفتاریاں کی گئیں، موبائل سم جس شخص کے نام سے رجسٹرڈ تھی اس نے دوسرے شخص کو اور پھر دوسرے نے خودکش حملہ آور کو دی۔تفتیشی ٹیم کے ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے میں استعمال ہونے والی گاڑی شانگلہ کے قریب پیٹرول پمپ پر 10 دن کھڑی رہی، گاڑی 10 دن تک 500 روپے فی دن کرائے پر پارک کی گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق خودکش حملے کے روز گاڑی کو دھماکے والی جگہ پہنچایا گیا، گاڑی کو چمن سے چکدرہ پہنچانے والے ایک سہولت کار کو بلوچستان سے گرفتار کیا گیا۔سی ٹی ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے کے ماسٹر مائنڈ حضرت بلال داسو ڈیم حملے میں بھی ملوث اور مطلوب ہے، خودکش حملہ آور کے 2 ساتھی بھی گرفتار ہوئے ہیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات