بشام میں چینی باشندوں پر خودکش حملے میں ملوث درجن سے زائد دہشتگرد، سہولت کار گرفتار

گرفتار دہشت گرد اور سہولت کاروں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہے، ذرائع

پیر 1 اپریل 2024 14:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اپریل2024ء) محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے بشام میں چینی باشندوں پر خودکش حملے میں ملوث درجن سے زائد دہشت گرد اور سہولت کار گرفتار کرلیے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ذرائع سی ٹی ڈی نے بتایا کہ خودکش حملہ آور کی موبائل سم سے اہم گرفتاریاں کی گئیں۔گرفتار دہشت گرد اور سہولت کاروں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے ہے۔

(جاری ہے)

گرفتار ہونے والوں میں 4 سہولت کار بھی شامل ہے، حملہ آور کو افغانستان سے لانے والا کمانڈر بھی گرفتار کرلیا گیا۔خودکش حملے میں استعمال ہونے والی گاڑی کو شانگلہ کے قریب 10 روز تک 500 روپے فی دن کرائے پر پارک کیا گیا تھا، گاڑی درہ زندہ سے چکدرہ پہنچانے والے ڈرائیور کو ڈھائی لاکھ روپے کرایہ دیا گیا تھا۔واضح رہے کہ 26 مارچ کو خیبرپختونخوا کے علاقے شانگلہ میں بشام کے مقام پر گاڑی پر خودکش حملے کے نتیجے میں 5 چینی باشندوں سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔