سٹریٹ کرائم کیخلاف بیان دیا تو جواب آیا اپنے کام سے کام رکھیں،کامران ٹیسوری

صوبائی وزیر داخلہ نے کہا جہاں کاروبار ہوگا وہاں کرائم ہوگا لیکن دنیا میں ایسا نہیں ہے، وزیراعلیٰ سندھ کو خط لکھا کر مطالبہ کیا ہے کہ وہ کراچی میں کرائم کانوٹس لیں،گورنر سندھ کی میڈیا سے گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 3 اپریل 2024 10:55

سٹریٹ کرائم کیخلاف بیان دیا تو جواب آیا اپنے کام سے کام رکھیں،کامران ..
کراچی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔03 اپریل2024 ء) گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ سٹریٹ کرائم کیخلاف بیان دیا تو جواب آیا اپنے کام سے کام رکھیں، صوبائی وزیر داخلہ نے کہا جہاں کاروبار ہوگا وہاں کرائم ہوگا لیکن دنیا میں ایسا نہیں ہے۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میںنے وزیراعلیٰ سندھ کو خط لکھا ہے جس میں ان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کراچی میں کرائم کانوٹس لیں، سندھ میں کچے کے ڈاکووٴں کا اثر بھی بڑھ رہا ہے۔

کراچی شہر میںسٹریٹ کرائم میں اضافہ ہو رہا ہے۔ صوبے میں کچے کے ڈاکووٴں کا اثر بھی بڑھ رہا ہے۔ خوشی کی بات ہے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وہ کراچی کو اون کریں گے۔ میں خود وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اورایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی کے پاس مسائل کے حل کیلئے جاوٴں گا۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ کا مزید کہنا تھا کہ ہر اچھے کام میں پیپلزپارٹی کو سپورٹ کرنا چاہیے۔

تاہم یہ بھی ماننا ہوگا کہ کراچی اور حیدرآباد میں ایم کیوایم کو مینڈیٹ ملا ہے۔ گورنرہاوٴس کامزید کہنا تھا کہ آج گورنر ہاﺅس میں مدینہ کی ریاست کے اصولوں کو نافذ العمل کر دیا ہے۔50ہزار لوگوں کیلئے آئی ٹی یونیورسٹی کا انتظام کر رہے ہیں، حیدرآباد میں 2 لاکھ سے زائد لوگوں کا آئی ٹی ٹیسٹ لیں گے، میرپور خاص اور دیگراضلاع میں بھی آئی ٹی پروگرام شروع کریں گے۔

خیال رہے کہ دو روز قبل کراچی میں سٹریٹ کرائم کے حوالے سے صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھاکہ کراچی میں سٹریٹ کرائم کا مسئلہ ہے وہ حالات نہیں جو 2008 سے 2013 تک تھے۔سٹریٹ کرائم کو بڑھاچڑھاکر پیش کیاجا رہا ہے۔ میڈیا میں بھی یہ معاملہ گرم ہے مگر یہ زندگی کا کاروبار ہے۔ کاروبار چلتا ہے تو کرائم بھی ہوجاتے ہیں۔سٹریٹ کرائم میں جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھاکہ سندھ میں امن وامان قائم کرکے دکھائیں گے۔ کراچی میں سٹریٹ کرائم اور کچے کے علاقے میں امن وامان کے مسائل ہیں۔ان کا کہنا تھاکہ یقین دلاتاہوں بالائی سندھ میں امن مکمل بحال کرینگے، پولیس کے جوانوںنے قیام امن کیلئے قربانیاں دی ہیں، پولیس کا مورال بلند کریں گے تاکہ کچے میں لڑسکیں۔ گھوٹکی کشمور اضلاع میں ایک ہزار پولیس نفری بھیج رہے ہیں اور ایس ایس یو کےکمانڈوز بھی لگائیں گے۔