ایس آئی ایف سی کے پلیٹ فارم سے ریکوڈک میں بڑی سرمایہ کاری کی تیاریاں جاری

جمعہ 5 اپریل 2024 19:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 اپریل2024ء) ایس آئی ایف سی کے پلیٹ فارم سے ریکوڈک میں بڑی سرمایہ کاری کی تیاریاں جاری ہیں، اس سلسلے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے،ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف سعودی عرب کا دورہ کریں گے ان کے ہمراہ وزیرخزانہ محمد اورنگزیب اور وزارت خزانہ کے سینئر حکام بھی سعودی عرب جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق دورہ سعودی عرب پر ریکوڈک میں سرمایہ کاری کیلئے قائم کمیٹی کے ممبران بھی جائیں گے۔

(جاری ہے)

وزارت توانائی، او جی ڈی سی ایل حکام بھی شامل ہیں۔اس موقع پر وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب خان سرمایہ کاری کیلئے مراعات پر خصوصی بریفنگ دیں گے، سعودی عرب کو ریکوڈک میں سرمایہ کاری پر خصوصی مراعات بھی دی جائیں گی۔ذرائع کے مطابق ریکوڈک میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری کی ٹرانزکشن کا والیم سب سے بڑا ہوگا، وزیرخزانہ نے ریکوڈک میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری کیلئے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔وزارت توانائی، وزارت خزانہ، سرمایہ کاری بورڈ نے وزیراعظم کو مکمل پلان دیا، ریکوڈک میں سرمایہ کاری کیلئے ایس آئی ایف سی کو بھی اعتماد میں لیا گیا ہے۔