Live Updates

وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی زیرصدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس،چینی باشندوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کا فیصلہ

جمعہ 5 اپریل 2024 20:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اپریل2024ء) وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی زیرصدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں بشام واقعہ میں چینی باشندوں کی ہلاکت کی شدید مذمت کی گئی۔اجلاس میں پنجاب میں ترقیاتی پراجیکٹ پر کا م کرنے والے چینی باشندوں کی فول پروف سکیورٹی پالیسی پر موثر عملدرآمد پر اتفاق ہوااورچینی باشندوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کا فیصلہ کیاگیا۔

اجلاس میں سی پیک پراجیکٹ پر کام کرنے والے چینی ماہرین کے تحفظ کے لئے فول پروف سیکورٹی پر بھی اتفاق ہوا اورجمعتہ الوداع کے حوالے سے ملک وقوم کی سلامتی اورامن و ترقی کے لئے دعا بھی کی گئی۔وزیراعلی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے چیلنج کا سامنا کرنے کے لئے ہم سب ایک پیج پر ہیں، دہشت گردی پیچیدہ وار فیئر کی شکل اختیار کر رہی ہے جس کے خاتمے کے لئے پاکستان آرمی و دیگر سکیورٹی اداروں کے کردار کو سراہتی ہوں۔

(جاری ہے)

مریم نوازشریف نے کہا کہ امن وامان کے لئے تمام شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ملک وقوم کے تحفظ و سلامتی کے لئے کوشاں ہر فرد اور شہداء کے بہادر اہل خانہ کو سلام پیش کرتے ہیں، قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اے پی ایس سانحہ کے بعد تشکیل پانے وا لے نیشنل ایکشن پلان کی افادیت کو دنیا نے تسلیم کیا،نیشنل ایکشن پلان کو اپ گریڈ اور موجودہ لوپ ہولز ختم کرنے ہیں،مذہبی انتہا پسندی اور دہشت گردی کا خاتمہ بہت بڑا چیلنج ہے۔

وزیراعلی نے کہا کہ سیاسی فاشزم بھی دہشتگرد ی کی شکل اختیار کر رہا ہے،9 مئی کو سیاسی دہشت گردی کے نتائج کو دنیا بھر نے دیکھا،ٹی ٹی پی جو نہ کرسکی وہ ایک نام نہاد سیاسی جماعت نے کر دکھایا،سیاستدان کی حیثیت سے برے حالات اور مشکلات سے گزرتے ہوئے بھی کبھی 9 مئی جیسے واقعہ کا خیال تک نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بات آتی ہے تو ہر چیز پس منظر میں چلی جاتی ہے، 9 مئی کی وجہ سے پیدا شدہ غیر یقینی اور عدم استحکام کی وجہ سے سرمایہ کار ہچکچاہٹ کا شکار ہیں، معیشت کی بحالی اور قومی خوشحالی کے لئے دہشت گردی کا خاتمہ لازمی تقاضا ہے۔

مریم نوازشریف نے کہا کہ دہشت گرد ی اور سمگلنگ روکنے کے لئے 24/7 صوبائی سرحدوں پر چیک پوسٹ بنانے کا فیصلہ کیا ہے،دہشت گردوں اور سمگلروں کے لئے راستے کھلے نہیں رکھ سکتے،سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوانوں کی برین واش کرنے کا سدباب ناگزیر ہے، سوشل میڈیا پر ملک وقوم کے مفادات کے تحفظ کے لیے بل جلد پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عورتوں اور بچوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے لئے سپیشل سپیڈی ٹرائل کورٹ بنا رہے ہیں ،سکیورٹی فورسز کو جدید ٹیکنالوجی، اے آئی کے استعمال، بہترین ٹریننگ، جدید اسلحے اور انٹیلی جنس نظام کو مزید اپ گریڈ کریں، دہشت گردی کے سدباب کے لئے جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے۔

اس موقع پر کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اشتراک کار اور تعاون جاری رکھا جائے گا،پنجاب میں دہشت گردی کے سدباب کے لئے موثر اقدامات اورسی ٹی ڈی ودیگر ادارے ملکر قابل تحسین کام کررہے ہیں، پنجاب کو غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کا چیلنچ بھی درپیش ہے۔اجلاس میں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا اور دیگر اعلی عسکری حکام نے شرکت کی جبکہ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات