جمعتہ الوداع کوعالمی یوم القدس کے طور پر منایا گیا

قبلہ اول کی آزادی اور مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے بعد از نماز جمعہ ریلیاں مظاہرے غزہ کے مظلومین کی حمایت اور اسرائیلی بربریت کے خلاف شرکا نے امریکہ واسرائیل کے پرچم نذر آتش کئے پتھر اور غلیلوں سے لڑنے والے مظلوم آج بھاری اسلحہ ست جواب دے رہے ہیں،پاکستان کو امریکہ کی جانب سے کھلی دھمکیوں کی بھرپور مذمت کرنی چاہئے،رہنمائوں کا القدس ریلی سے خطاب

جمعہ 5 اپریل 2024 21:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اپریل2024ء) ملک بھرمیں چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان نو منتخب سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر جمعتہ الوداع کو ’’عالمی یوم القدس‘‘کے طور پر منایا گیا، اس سلسلے میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام ملک کے چاروں صوبوں، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں قبلہ اول کی آزادی اور مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے بعد از نماز جمعہ ریلیاں اور اسرائیلی مظالم کے خلاف مظاہرے کیے گئے جس میںخواتین، بچے بوڑھے اور جوانوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

شہر کراچی ریلیاں، مظاہرے، ائمہ جمعہ والجماعت نے اپنے خطبوں میں فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کے خلاف تقاریر کرتے ہوئے اپنا بھرپور احتجاج ریکارڈ کرایا ۔

(جاری ہے)

اندرون سندھ کے مختلف اضلاع میں عالمی القدس ریلیاںنکالی گئیں اورغزہ کے مظلومین کی حمایت اور اسرائیلی بربریت کے خلاف شرکا نے امریکہ واسرائیل کے پرچم بھی نذر آتش کئے۔

جبکہ شہر قائد ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے مرکزی احتجاجی مظاہرہ جامع مسجد نور ایمان کے باہر کیا گیا جس رہنما علامہ باقر عباس زیدی،علامہ مبشر حسن، علامہ حیات عباس نجفی مظاہرین نے امریکہ و اسرائیل مردہ باد کے نعرے، غزہ جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔علامہ باقر عباس زیدی نے اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ جمعتہ الوداع یوم مظلومین ہے۔اسرائیلی جارحیت کے خلاف حکومتی خاموشی مجرمانہ ہے قائد اعظم محمد علی جناح سے لیکر ذولفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کا فلسطینیوں کیلئے موقف واضح تھااسرائیل غاصب ریاست ہے کبھی تسلیم نہیں کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ جمعتہ الوداع یوم القدس کو سرکاری سطح پر منایا جائے حکومت جمعتہ الوداع کو عام تعطیل کا اعلان کرے۔عرب حکمرانوں نے فلسطینیوں کی پیٹ پر خجر کھونپاطوفان القصی کے بعد سے دنیا بھر کے حالات تبدیل ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ امریکہ خدا نہیں ملکی حکمران خوف خدا کریںپاکستان کو امریکہ کی جانب سے کھلی دھمکیوں کی بھرپور مذمت کرنی چاہئے ملکی حکمران امریکی کاسہ لیسی چھوڑیں۔

پاکستان کے داخلی خودمختاری میں کسی بھی طاقت کی مداخلت غداری ہے۔1448 سے قابض اسرائیل آج تک فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پتھر اور غلیلوں سے لڑنے والے مظلوم آج بھاری اسلحہ ست جواب دے رہے ہیں۔ظالم اسرائیل کے خلاف مجاہدین اور فلسطین کی عوام کو سلام پیش کرتے ہیں۔ملکی حکمران غزہ جنگ بندی کی قرارداد پیش کریں۔حکومت فلسطینی عوام کیلئے بلا تعطل امداد کا اعلان کرے۔

حکومت عالمی ادارے انصاف میں اسرائیل کے خلاف جنگی جرائم کے مقدمات قائم کروائے۔احتجاجی مظاہروں سے خطاب میں مقررین کا کہنا تھا کہ غزہ سمیت پورے فلسطین میں بارہ لاکھ افراد بے گھر پناہ گزین ہیں ۔175دن میں 33ہزار سے زائد افراد شہید ہوگئے 75ہزار سے زائد زخمی ہیں۔بارہ لاکھ بے گھر ہیں اسپتالوں سمیت اسکول رہائشی املاک ملبے کا ڈھیر بن گئیں ہیں مقدس ماہ میں اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ اب تک جاری ہے جس میں مختلف ممالک کے دو سو سے زائد امدادی کارکنان شہید ہوچکے ہیں عوام خوراک و ا دویات نہ ہونے کی صورت میں اپنی جانوں سے ہاتھ دھو رہیں ۔

مسلم حکمرانوں کو چاہئے کے وہ اپنے فلسطینی بھائیوں کی مدد کریں۔مقررین نے امام خمینی کی آواز پر جمعتہ الوداع اتحاد امت اور مظلومین فلسطین سے اظہار یکجہتی کا دن منانے پر ان کو خراج تحسین پیش کیا ۔مقررین نے ملک میں اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ سمیت امریکی و برطانی سفارتخانہ بند کرنے کا مطالبہ کیا ۔