ڈائریکٹرجنرل کے حوالہ سے الزامات گمراہ کن، من گھڑت اور مضحکہ خیز ہیں، ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی

ہفتہ 6 اپریل 2024 12:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اپریل2024ء) سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان نے ڈائریکٹرجنرل کے حوالہ سے الزامات کو گمراہ کن، من گھڑت اور مضحکہ خیزقراردیتے ہوئے کہاہے کہ بدعنوان و موقع پرست عناصر کی جانب سے بے بنیاد الزامات کوئی نئی بات نہیں، ماضی میں بھی موجودہ ڈی جی سی اے کے خلاف بے بنیاد الزامات لگائے گئے ۔ ہفتہ کویہاں جاری بیان میں ترجمان نے کہاکہ جعلی لائسنس ، بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ ، پی آئی اے سے اربوں روپے واپس لینے، اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ زمین کے حوالے سے الزامات جھوٹ، بے بنیاد اور من گھڑت رہے ہیں ، ڈی جی کےخلاف والٹن ائیروڈوم کے حوالے سے الزام بھی گمراہ کن، من گھڑت اور مضحکہ خیز ہے ۔

ترجمان نے کہاکہ ڈی جی سول ایویشن وفاقی سول سرونٹ ہے جو وفاقی حکومت کے احکامات کو بجا لانے کے پابند ہے والٹن ایروڈروم کی زمین وفاقی حکومت کی منظوری سے 2020/21 میں پنجاب حکومت کو کمرشل مقاصد کے لئے دی گئی، منصوبہ میں سول ایوی ایشن اتھارٹی 76 ایکڑ اور پنجاب سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی 70ایکڑ کی حصہ دار ہے ۔

(جاری ہے)

وفاقی حکومت نے سول ایوی ایشن آرڈیننس 1960 کے تحت والٹن ائیروڈروم کے آس پاس آبادی کو خطرے کے پیش نظر والٹن زمین کو ایک معاہدہ کے تحت پنجاب حکومت کے حوالے کرنے کے احکامات دیے، سول ایوی ایشن اتھارٹی سول ایویشن آرڈیننس 1982 کے تحت وفاقی حکومت کے احکامات کو ماننے کی پابند ہے ، پنجاب گورنمنٹ سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ منصوبہ میں سی اے اے کے 52 فیصد شئیرز ہیں جس سے ادارے کو اربوں روپے کی آمدن ہوگی ۔

سول ایویشن نے پہلے2.342 ارب روپے سے 480 ایکڑ اور پھر 396 ملین روپے سے مریدکے میں مزید 163 ایکڑ اراضی حاصل کی ۔ پہلے ہی 643 ایکڑ پر محیط نیو والٹن مریدکے ائیروڈوم پر کام جاری ہے جو تکمیل کے آخری مراحل میں ہے ۔ والٹن ائیروڈروم کے جنرل ایویٹرز کو ان کی مرضی کے مطابق علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ پر جگہ دی گئی، تقریباً سب ہی جنرل ایویٹرز نے لاہور ہائیکورٹ کو انڈر ٹیکنگ دی کہ نیو والٹن مریدکے ایروڈروم مکمل ہوتے ہی وہ وہاں منتقل ہوجائیں گے ، یہ جنرل ایویٹرز نیو والٹن ائیروڈروم منتقل ہونے کے بعد ایک سال تک کرایہ کے بغیر سہولیات کا استعمال کرسکیں گے ۔

نیو والٹن مریدکے ایئروڈروم میں جنرل ایویٹرز کو جدید سہولیات میسر ہوں گی ۔ ترجمان نے کہاکہ سول ایوی ایشن کی قیادت کرپشن کے حوالے سے زیرو ٹالرینس رکھتی ہے ادارے میں کرپٹ عناصر چاہے وہ کوئی بھی ہوں احتساب سے نہیں بچ سکتے۔ ترجمان نے کہاکہ ی ڈی جی سول ایوی ایشن پر خط میں من گھڑت الزامات لگانے والا ملازم زرین گل خود ضمانت پر ہے اور ادارے نے اسے 'ایل پی ار' پر بھیج دیا ہے ۔

زرین گل 2000 ءمیں 54 لاکھ روپے کی خورد برد میں ملوث پایا گیا۔ یہ رقم نچلے درجے کے ملازمین کی فلاح و بہبود کے لئے تھی۔اس وقت کی انتظامیہ نے رقم کا کچھ حصہ واپس لیا اور اس کو تنبیہ پر اکتفا کیا۔زرین گل نے غیر قانونی طور پر ادارے کی 6 سے 7 ایکڑ زمین کے لئے این او سی جاری کیا اوراس غیر قانونی الاٹ کی گئی زمین کی مالیت 20 سے 25 ارب بنتی ہے۔ سپریم کورٹ نے ادارہ کی درخواست پر جعلی الاٹمنٹ منسوخ کی اور ایف آئی اے کو تفتیش کا پابند کیا20، نومبر 2021 کو زرین گل کیخلاف ایف آئی آر نمبر 55/2021 درج ہوئی جس کے بعد وہ ضمانت پر ہے۔

ترجمان نے کہاکہ زرین گل تین پیٹرول پمپس کی غیر قانونی الاٹمنٹ میں بھی ملوث ہے ، پٹرول پمپس کے حوالے سے ایف آئی اے کی تحقیقات آخری مراحل میں ہیں۔ ادارے نے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر زرین گل کو ملازمت میں تنزلی کی سزا بھی دی ،زرین گل کےخلاف کچھ اور بھی محکمانہ انضباطی کاروائیاں جاری ہیں۔ترجمان نے کہاکہ زرین گل اپنے اپ کوجس تنظیم کا چیئرمین ظاہر کررہے ہیں اس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔