سینیٹ کا اجلاس کل ہوگا، نو منتخب سینیٹرز حلف اٹھائیں گے

چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کاا نتخاب کیا جائیگا،گیلانی مضبوط امیدوار،پیپلز پارٹی متحرک

پیر 8 اپریل 2024 20:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اپریل2024ء) سینیٹ کا اجلاس کل منگل کو صبح 9 بجے اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہوگا، نو منتخب سینیٹرز اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے جس کے بعد چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب ہوگا،گزشتہ روز صدر مملکت کی جانب سے سینیٹ اجلاس آئین کے آرٹیکل 54 کی شق ایک کے تحت طلب کیا گیا ،حکومتی اتحاد کی جانب سے یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینیٹ کا امیدوار نامزد کیا گیا جبکہ عددی اعتبار سے یوسف رضا گیلانی کو اکثریت حاصل ہے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ن نے سینیٹر عرفان صدیقی اور سینیٹر سیدال ناصر کے ناموں پر غور شروع کردیا تاہم وزیراعظم شہبازشریف ڈپٹی چیئرمین کا عہدہ بلوچستان کو دینا چاہتے ہیں ،قائد ن لیگ نواز شریف سے مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ ہوگا،دوسری جانب پیپلز پارٹی نے یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینیٹ بنانے کیلئے متحرک ہوگئی اور سیاسی جماعتوں سے رابطے شروع کر دیئے ،خصوصی کمیٹی کے ارکان شیری رحمان اور نوید قمر نے چیئرمین سینیٹ کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کے لیے لائحہ عمل تشکیل دیا ہے، شیری رحمان نے دعویٰ کیا ہے کہ یوسف رضا گیلانی کو سینیٹ میں واضح حمایت حاصل ہے، پاکستان پیپلز پارٹی اتحادیوں کے ہمراہ کل سینیٹ میں اپنی واضح برتری ثابت کرے گی، عوام، کارکنان کل جیالے امیدوار کے چیئرمین سینیٹ بننے کی خوشی کا جشن منائیں گے۔