اسحاق ڈار کو سینیٹ میں قائد ایوان مقرر کردیا گیا

وزیراعظم ہاؤس نے وزیر خارجہ کے قائد ایوان مقرر ہونے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 9 اپریل 2024 16:07

اسحاق ڈار کو سینیٹ میں قائد ایوان مقرر کردیا گیا
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 اپریل 2024ء ) وزیراعظم شہباز شریف نے اسحاق ڈار کو سینیٹ میں قائد ایوان مقرر کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو سینیٹ میں قائد ایوان مقرر کردیا گیا ہے، اس سلسلے میں وزیراعظم نے اسحاق ڈار کو سینٹ میں قائد ایوان مقرر کیا، جس کے بعد اسحاق ڈار کے قائد ایوان مقرر ہونے کا باضابطہ نوٹیفکیشن وزیراعظم ہاؤس سے جاری کر دیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے 22 اپریل تک اپوزیشن لیڈر کا نام بھی طلب کر لیا ہے اور آزاد سینیٹرز کو بھی اپوزیشن یا حکومتی بینچوں میں شامل ہونے کے لیے 7 دنوں کی مہلت دی ہے، اس کے علاوہ چیئرمین سینیٹ نے خیبر پختونخوا میں سینیٹ الیکشن کروانے میں مدد کے لیے مشروط پیشکش بھی کی ہے۔

(جاری ہے)

بطور چیئرمین سینیٹ اپنے پہلے خطاب میں یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ملک میں بہت بحران ہے، اس صورتحال میں میرا مقصد ہے پل بناؤں اور ڈائیلاگ کراؤں، بھٹو نے اتفاقِ رائے قائم کیا اور آئین مرتب کیا، اس وقت ملک میں بہت بحران ہے اور سب سے زیادہ بڑا بحران نفرت اور تقسیم پیدا کرنا ہے، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ نفرت کی سیاست کو مسترد کیا اور مفاہمت کی سیاست کو فروغ دیا اس لیے میرا مقصد ہے پل بناؤں اور ڈائیلاگ کراؤں۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے قائدِ عوام کے جوڈیشل مرڈر کا اعتراف کیا، ذوالفقار علی بھٹو نے پہلی بار الیکشن کرائے جو واحد صاف و شفاف الیکشن قرار پائے، سینیٹ اور ارکان کے وقار پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے، سینیٹ وفاق کے اتحاد کا مظاہرہ کرتی ہے۔ قبل ازیں یوسف رضا گیلانی نے چیئرمین سینیٹ کا حلف اٹھایا، پریزائیڈنگ افسر اسحاق ڈار نے یوسف رضا گیلانی سے چیئرمین سینیٹ کے عہدے کا حلف لیا جس کے بعد یوسف رضا گیلانی نے اپنی نشست سنبھالی اور ڈپٹی چیئرمین سیدال خان ناصر سے بھی حلف لیا، نو منتخب چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے تمام سینیٹرز کو عید کی پیشگی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی لیڈر شپ اور اتحادی جماعتوں کا مشکور ہوں، میں تمام ممبران کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کی کروں گا، سینیٹ فیڈریشن کی علامت ہے۔